پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے فلم انڈسٹری میں فنکاروں کے لیے باقاعدہ تنخواہوں اور رائلٹیز کا مطالبہ کر دیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ صنعت کے تمام فنکار وہی عزت اور مالی معاونت حاصل کریں جو انہیں بطور سٹار حاصل ہے۔
ماہرہ خان نے حال ہی میں واسع چوہدری کے شو میں شرکت جہاں انہوں نے اپنی حالیہ فلم ’آگے لگے بستی میں‘ کے علاوہ دیگر موضوعات پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے فنکار اکثر صرف ’زندہ رہنے‘ کے لیے جدوجہد کرتے ہیں جبکہ سینئر اداکار آسانی سے کام اور آمدنی حاصل کر لیتے ہیں۔
ماہرہ خان نے فنکاروں کے لیے رائلٹی کے حق میں کہا کہ ’دنیا بھر میں فنکاروں کو کچھ نہ کچھ رائلٹی ملتی ہے۔ میں ہالی ووڈ کی بالکل نقل کرنے کا نہیں کہہ رہی، لیکن یہ ایک ایسا نظام ہے جو فنکاروں کے بنیادی مالی تحفظ کو یقینی بناتا ہے کہ وہ بھوکے نا رہیں‘۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی تفریحی صنعت میں ایسے نظام کی شدید کمی ہے جس سے کم از کم فنکار بنیادی مالی تحفظ حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کچھ فنکار دیوالیہ یا بے گھر ہو جاتے ہیں اور یہ زیادہ تر بچت نہ کرنے کی وجہ سے ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کا گلے ملنا سوشل میڈیا پر موضوع بحث، صارفین کی شدید تنقید
اداکارہ نے یہ بھی نشاندہی کی کہ براڈکاسٹرز اور ٹی وی چینلز متعدد ذرائع سے زیادہ آمدنی حاصل کرتے ہیں جبکہ فنکار اکثر بنیادی ضروریات کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔
انہوں نے جونیئر فنکار، معاون اداکار، ٹیکنیشنز اور عملے کے مسائل کی جانب بھی توجہ دلائی اور کہا کہ وہ شاذ و نادر ہی وہی فوائد حاصل کرتے ہیں جو سینئر فنکار پاتے ہیں۔
ماہرہ خان نے کہا کہ وہ ایک کامیاب اداکارہ کے طور پر خوش قسمت ہیں لیکن ان کی خواہش ہے کہ صنعت کے تمام فنکار بھی اسی طرح شناخت اور مالی معاونت حاصل کریں۔














