لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) نے کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ برائے مضامین 2026 میں مختلف شعبوں میں پاکستان کی بہترین یونیورسٹی کا اعزاز حاصل کر کے ملک کے لیے ایک اہم تعلیمی سنگِ میل طے کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور کی لمز یونیورسٹی کیسے مشہور ہوئی؟ کون کون یہاں سے پڑھا؟
لمز کو کیو ایس عالمی یونیورسٹی رینکنگ برائے مضامین 2026 کے تحت بزنس اینڈ مینجمنٹ، اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس اور سماجی علوم سمیت کئی شعبہ جات میں پاکستان کی بہترین یونیورسٹی قرار دیا گیا ہے۔ اکنامکس کے شعبے میں یہ مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن پر موجود ہے، جبکہ جدید زبانوں اور سیاسیات میں بھی یونیورسٹی کی نمایاں حیثیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔
کیو ایس رینکنگ میں تعلیمی شہرت، کارپوریٹ سیکٹر کی رائے، تحقیقی اثر اور بین الاقوامی اشتراک جیسے عوامل کو مدنظر رکھا جاتا ہے، اور ماہرین کے مطابق لمز کی یہ کامیابی اس کے مضبوط تدریسی معیار اور تحقیقی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:فیکٹ چیک: لمز یونیورسٹی پر پولیس کے چھاپے کی خبریں، حقیقت کیا ہے؟
رواں سال 35 سے زائد پاکستانی جامعات اس عالمی درجہ بندی میں شامل ہوئیں، جو ملک میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں مثبت پیشرفت کو ظاہر کرتی ہیں۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معیار تک پہنچنے کے لیے مزید سرمایہ کاری اور اصلاحات ضروری ہیں۔
لمز طویل عرصے سے پاکستان میں معیاری تعلیم، تحقیق اور قیادت سازی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور ملکی و عالمی سطح پر اپنی شناخت کو مزید مستحکم کر رہی ہے۔














