ٹریفک حادثات کی روک تھام ، بنگلہ دیش نے پبلک ٹرانسپورٹ میں جی پی ایس ٹریکنگ لازمی کرنے کا فیصلہ کرلیا

اتوار 29 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش حکومت نے ملک بھر میں سڑک حادثات پر قابو پانے اور ٹریفک نظام کو محفوظ بنانے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ میں لازمی جی پی ایس ٹریکنگ متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

یہ فیصلہ ڈھاکا میں روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز ڈویژن میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت روڈ ٹرانسپورٹ و پلوں کے وزیر شیخ ربیع الاسلام نے کی۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش: میگھنا دریا پر 2 لانچوں کے تصادم سے 8 افراد ہلاک

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد گاڑیوں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنانا اور ٹرانسپورٹ شعبے میں جوابدہی کو مضبوط بنانا ہے۔ اجلاس میں وزیر نے ہائی ویز پر یو ٹرن مقامات پر حفاظتی اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی، جبکہ مقامی حکومتوں کو رابطہ سڑکوں پر بھی اسی نوعیت کے اقدامات کرنے کا کہا گیا۔

عیدالاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر حکومت نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ سفر کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ سے بچا جا سکے اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس ضمن میں مسافروں کو فیری پر گاڑیاں چڑھانے سے قبل اترنے کی پابندی اور ٹرانسپورٹ آپریشنز کے دوران سخت حفاظتی ضوابط نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر نے واضح کیا کہ غیر فٹ گاڑیوں کو سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی گاڑی کی رجسٹریشن نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش: بس دریائے پدما میں گرنے سے کم از کم 23 افراد ہلاک

وزیر مملکت برائے روڈ ٹرانسپورٹ و ریلوے حبیب الرشید نے بنگلہ دیش روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اصلاحات اور ضابطہ جاتی نگرانی کے مؤثر نفاذ کے لیے ادارہ جاتی صلاحیت بڑھانا ضروری ہے۔

حکام نے ہائی وے پولیسنگ مزید سخت کرنے، مال بردار گاڑیوں کی نقل و حرکت کو منظم بنانے اور غیر مجاز عارضی بس کاؤنٹرز ختم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

حالیہ سڑک حادثات کے ذمہ دار افراد کے خلاف تادیبی کارروائیاں بھی کی گئی ہیں، جن میں معطلیاں اور روٹ پرمٹس کی منسوخی شامل ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ آپریٹرز سے کوتاہیوں پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کے ضلع ٹانگائل میں ٹرین حادثہ، 5 افراد جاں بحق

زیادہ کرایہ وصولی کی شکایات کے خاتمے کے لیے بی آر ٹی اے سے منظور شدہ کرایہ نامے بس اڈوں اور گاڑیوں کے اندر نمایاں طور پر آویزاں کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے اور خلاف ورزی پر فوری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ حکومت ایئرکنڈیشنڈ بسوں کے کرایوں کے تعین پر بھی کام کر رہی ہے۔

حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ ان مشترکہ اقدامات سے عید کے دوران سفر مزید محفوظ، منظم اور مؤثر بنایا جا سکے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp