صوبے کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لائنوں سے تاریں (کنڈکٹرز) اور دیگر برقی آلات کی چوری کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے نہ صرف بجلی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے بلکہ کیسکو کو مالی نقصان کے ساتھ ساتھ صارفین کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں: سبی میں گرینڈ جرگہ، امن و ترقی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق
اسی سلسلے میں گزشتہ روز سبی کے علاقے بھاگ میں نامعلوم چوروں نے 33کلو واٹ گنداوہ فیڈر کے 26 کھمبوں سے کنڈکٹرز چوری کر لیے، جبکہ 5 پی سی سی (PCC) کھمبے بھی مکمل طور پر نقصان کی زد میں آئے۔ نتیجتاً گنداوہ فیڈر سے منسلک علاقوں میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہو گئی۔
کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی سروے اور نقصان کا تخمینہ لگانے کے بعد متاثرہ علاقے میں بجلی کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام پیر سے شروع کر دیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ کیسکو کی لہڑی سب ڈویژن نے واقعہ میں ملوث چوروں کے خلاف قانونی کارروائی اور ایف آئی آر درج کرنے کے لیے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں درخواست جمع کرا دی ہے تاکہ ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: بینائی سے محروم مگر حوصلے سے نہیں، سبی کے اللہ بخش سولنگی
کیسکو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی اثاثوں کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں، بجلی کی تنصیبات، کھمبوں اور تاروں کی حفاظت کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا چوری کی اطلاع فوری طور پر کیسکو ہیلپ لائن 118 یا متعلقہ سب ڈویژن و پولیس اسٹیشن کو دیں۔














