خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس کے پیش نظر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، سوات اور کوہستان اپر کی ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی الرٹ جاری کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ موسمی صورتحال کے باعث گلیشیئرز پگھلنے کا امکان ہے جس سے شدید بارشوں، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات اور پیشگی تیاریوں کی ہدایات دی گئی ہیں۔
خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ…… 5 حساس اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری …..
چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، سوات اور کوہستان اپر میں موسمی صورتحال کے پیش نظر گلیشیئرز پگھلنے کا امکان.. شدید بارشوں کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، فلیش… pic.twitter.com/9baSJFjR4H
— Farzana Ali (@farzanaalispark) March 31, 2026
متعلقہ اضلاع کو حساس گلیشیائی مقامات کی مسلسل نگرانی کرنے، فوری وارننگ سسٹم فعال رکھنے اور خطرے سے دوچار علاقوں میں Evacuation Drills کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں محفوظ مقامات پر انخلا مراکز کو مکمل سہولیات کے ساتھ فعال رکھنے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو الرٹ رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام کو ندی نالوں، دریاؤں اور تیز بہاؤ والے پانی کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کے عملے کو ہر وقت تیار رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
مزید برآں سیاحوں اور مسافروں کو حساس علاقوں کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، سڑکوں کی بندش یا نقصان کی صورت میں این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو سے فوری رابطے اور شدید خطرے کی صورت میں گلیشیائی جھیلوں کے کنٹرولڈ اخراج پر نظر رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔














