پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اگلے ہفتے 10 ہزار پارٹی عہدیداروں اور کارکنان کو اڈیالہ جیل پہنچنے کی کال دیدی۔
مزید پڑھیں: مذاکرات ہونے چاہییں لیکن فی الوقت نہیں ہورہے، بیرسٹر گوہر
اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ یہ اجتماع بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج کے لیے ہوگا اور اس کے ذریعے حکومت پر دباؤ ڈال کر عمران خان کو اسپتال منتقل کرایا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیاکہ اس وقت صرف پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کی کال دی گئی ہے تاکہ حکومت اور متعلقہ حکام پر اثر ڈالے جا سکے۔
علیمہ خان نے مزید کہاکہ ججز پر بھی دباؤ ڈالنا ضروری ہے، کیوں کہ ہماری طرف سے انہیں کہا جا رہا ہے کہ ضمانت پر غور کریں، جبکہ ججز اپیلیں سننے پر زور دے رہے ہیں۔
انہوں نے حکومت پر بھی تنقید کی کہ وہ خود ڈیل کی افواہیں پھیلا رہی ہے، لیکن پارٹی کی جانب سے کسی سے براہِ راست رابطے یا ملاقات کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ عمران خان نے اس معاملے کی ذمہ داری محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو سونپ رکھی ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج پر بھی تقسیم، فیملی اور مختلف رہنماؤں کی الگ الگ ٹولیاں
علیمہ خان نے کہاکہ سہیل آفریدی اس احتجاج کو لیڈ کریں گے اور اس کی تیاری جاری ہے، اور اب ٹمپریچر بڑھنے کے ساتھ پارٹی کارکنان کو فعال ہونے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ جو لوگ ذمہ داری نہیں اٹھا سکتے وہ ایک طرف رہیں۔













