روس کے زیرِ قبضہ کریمیا میں ایک فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 29 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کا An-26 فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ منگل کے روز معمول کی پرواز کے دوران کریمیا میں ایک چٹان سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق حادثے کی ابتدائی وجہ تکنیکی خرابی بتائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کویت میں امریکی ایف 15 طیارہ تباہ
رپورٹس کے مطابق طیارے سے رابطہ مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً 6 بجے منقطع ہوا، جس کے بعد سرچ آپریشن شروع کیا گیا اور بعد ازاں حادثے کی جگہ کا سراغ لگا لیا گیا۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں سوار 6 عملے کے ارکان اور 23 مسافر جاں بحق ہوئے، جبکہ کسی بھی زندہ بچ جانے والے کی اطلاع نہیں ملی۔
وزارت دفاع کے مطابق حادثے میں کسی بیرونی عنصر جیسے میزائل، ڈرون یا پرندے کے ٹکرانے کے شواہد نہیں ملے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ حادثہ اندرونی تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔

حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے فوجی کمیشن تشکیل دے دیا ہے، جو حادثے کی حتمی وجوہات کا تعین کرے گا۔
واضح رہے کہ An-26 طیارہ 1960 کی دہائی سے استعمال میں ہے اور یہ مختصر اور درمیانے فاصلے تک کارگو اور مسافروں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے، تاہم گزشتہ برسوں میں اس ماڈل کے کئی مہلک حادثات بھی پیش آ چکے ہیں۔












