بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے علاقے شیم پور میں بدھ کی صبح ایک اسٹیل مل میں بوائلر دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 8 مزدور جھلس کر زخمی ہو گئے۔
واقعہ اُس وقت پیش آیا جب آر ایس ایم اسٹیل میں کارکن لوہا پگھلانے کے عمل میں مصروف تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق اچانک گرم پگھلا ہوا دھات مزدوروں پر گر گیا جس کے باعث وہ شدید جھلس گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر ریسکیو کر کے ڈھاکا کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف برن اینڈ پلاسٹک سرجری منتقل کیا گیا جہاں انہیں ہنگامی وارڈ میں داخل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد کو صبح تقریباً 11 بجے علاج کے لیے لایا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: یکم اپریل سے غیر قانونی قبضوں کے خلاف سخت کارروائی، ڈھاکا پولیس کا انتباہ
زخمیوں کی شناخت محمد ہیرا، محمد خلیل الرحمن، محمد راجح علی، محمد مطیع الرحمن، محمد ارشاد میاں، محمد میاں، محمد منیک میاں اور محمد یوسف کے ناموں سے ہوئی ہے، جو سب اسی فیکٹری کے ملازمین ہیں۔
طبی عملے کے مطابق متاثرہ افراد کے جسم کا 4 فیصد سے 40 فیصد تک حصہ جھلسا ہے، جبکہ کم از کم 3 مزدوروں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام زخمی زیرِ علاج ہیں، جبکہ دھماکے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔














