پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو کور کمانڈر ہاؤس پر حملے کے کیس میں عدالت کی طرف سے بیگناہ قرار دینے جانے کا مطلب یہ ہے کہ تحریک انصاف کا بطور جماعت جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ میں کوئی ہاتھ نہیں تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ پی ٹی آئی کے خلاف ایک بہانہ بنا کر کریک ڈاؤن کیا گیا کہ ہماری جماعت نے تشدد کی منصوبہ بندی کی تھی۔ اب تو اس بیانیے کی دھجیاں اڑ چکی ہیں۔
اب جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو کور کمانڈر لاہور کی رہائشگاہ میں جلاؤ گھیراؤ کے معاملے میں بالکل معصوم (بےگناہ) قرار دے دیا گیا ہے تو اس کا صاف مطلب یہ ہےکہ مرکزی پنجاب کی صدر کے طور پر (ڈاکٹر یاسمین راشد) اور پاکستان تحریک انصاف کا بطور جماعت اس جلاؤ گھیراؤ میں قطعاً کوئی کردار… pic.twitter.com/sei1oMm2Hb
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) June 3, 2023
واضح رہے کہ ہفتے کو انسداد دہشت گردی عدالت نے یاسمین راشد کو جناح ہاؤس پر حملے کے کیس میں بری کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں انسداد دہشتگری عدالت نے یاسمین راشد کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں بری کر دیا
پولیس نے یاسمین راشد کو عدالت میں پیش کیا اور جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے انہیں کیس سے بری کر دیا۔
یہ بھی یاد رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں احتجاج کے دوران کارکنان نے اہم املاک پر دھاوا بولا تھا اور اس دوران جناح ہاؤس لاہور میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔
جناح ہاؤس پر ہونے والے حملوں کے حوالے سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر عباد فاروق کی ایک مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ کہہ رہے تھے کہ یاسمین راشد کا حکم ہے کہ کور کمانڈر ہاؤس کو آگ لگا دو۔
یہ بھی پڑھیں یاسمین راشد کا حکم ہے کور کمانڈر آفس کو آگ لگا دو، عباد فاروق کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی
اس مبینہ آڈیو کے تناظر میں حکومت کی جانب سے یہ کہا جا رہا ہے کہ یاسمین راشد اس حملے کی ماسٹر مائنڈ ہیں۔