ہسپانوی پولیس نے 17ویں صدی کا ایک نایاب مخطوطہ برآمد کر لیا ہے جو ایک صدی سے زائد عرصہ قبل والینسیا کے کالج آف دی میجر آرٹ آف سلک سے غائب ہو گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: گائے کی وہ چیز جو خطرناک مرض کا علاج اور سونے سے زیادہ مہنگی ہے
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ مخطوطہ اس وقت سامنے آیا جب اسے آن لائن 71,900 یورو میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔
یہ مخطوطہ سنہ 1479 کے قواعد و ضوابط پر مشتمل ہے جن پر فرڈیننڈ دی کیتھولک کے دستخط موجود ہیں۔
اس میں گریمی دے ویلوٹرز (مخمل گلڈ) کے 26 ابواب کے علاوہ سنہ 1483 میں قائم ہونے والی برادرہڈ آف سان جیرونیمو کے قوانین بھی شامل ہیں۔
یہ نایاب دستاویز سبز ویلّم (جانور کی کھال سے تیار کردہ کاغذ) پر لکھی گئی ہے اور اسے سبز مخملی جلد کے ساتھ کانسی کے فٹنگز سے مزین کیا گیا ہے۔ یہ مخطوطہ 15ویں صدی میں مخمل کی صنعت کی سماجی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
والینسیا میں نیشنل پولیس یونٹ کے ہیریٹیج گروپ نے اسے انٹرنیٹ پر ثقافتی نوادرات کی خرید و فروخت کی نگرانی کے دوران دریافت کیا۔
مزید پڑھیے: قدیم ترین فن پارے: انڈونیشیا میں 68 ہزار سال پرانی پینٹنگ دریافت
فروخت کنندہ کے مطابق اسے مخطوطے کے اصل ماخذ کا علم نہیں تھا تاہم اس کے والد نے اسے سنہ 1970 کی دہائی میں خریدا تھا۔
مخطوطہ فی الحال موجودہ مالک کے پاس ہی رہے گا تاہم اسے والینسیا کی ثقافتی وراثت کے رجسٹر میں شامل کیا جائے گا۔
واپسی سے قبل اس کے تحفظ کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے جبکہ دستاویز کو عارضی طور پر آرکائیو آف دی کنگڈم آف والینسیا میں ثقافتی امور کے ماہرین کے جائزے کے لیے رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ کالج آف دی میجر آرٹ آف سلک آف والینسیا یورپ کا قدیم ترین گلڈ آرکائیو رکھتا ہے جس میں 15ویں صدی سے متعلق اساتذہ، شاگردوں اور کارخانوں کے معائنے سے متعلق اہم دستاویزات محفوظ ہیں۔
گریمی دے ویلوٹرز کیا ہے؟
گریمی دے ویلوٹرز دراصل ایک قدیم پیشہ ورانہ تنظیم (گلڈ) تھی جو اسپین کے شہر والینسیا میں قائم تھی اور اس گلڈ میں مخمل بنانے والے کاریگر شامل ہوتے تھے۔
15ویں صدی کے زمانے میں اس قسم کی گلڈز بہت اہم ہوتی تھیں کیونکہ یہ اپنے شعبے سے وابستہ لوگوں کے کام کے معیار، قیمتوں اور تربیت کے اصول طے کرتی تھیں۔
گریمی دے ویلوٹرز بھی مخمل کی صنعت کو منظم رکھنے اور کاریگروں کے حقوق کی حفاظت کے لیے قائم کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: یونان میں دنیا کے قدیم ترین لکڑی کے اوزار دریافت، لاکھوں سال محفوظ رہنے پر سائنسدان حیران
اس گلڈ کے اپنے باقاعدہ قوانین اور ضوابط تھے جن میں یہ طے کیا جاتا تھا کہ کون استاد (ماسٹر) بن سکتا ہے، شاگرد کیسے تربیت حاصل کریں گے اور مصنوعات کا معیار کیا ہوگا۔ یہی قوانین بعد میں مخطوطوں (دستاویزات) کی شکل میں محفوظ کیے گئے جو آج ہمیں اس دور کی صنعت، معیشت اور معاشرتی نظام کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔














