امریکا میں پاکستان کے لیے مکسڈ مارشل آرٹس کا ٹائٹل جیت کر پاکستان کا جھنڈا بلند کرنے والے شاہ زیب رند واپس وطن پہنچ گئے، کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سرکاری حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔
امریکا میں مکسڈ مارشل آرٹس چیمپیئن شپ جیتنے کے بعد شاہ زیب رند کوئٹہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچے تووزیراعلیٰ بلوچستان کے ترجمان بابر یوسفزئی اور محکمہ کھیل کے حکام ان کے پرتپاک استقبال کے لیے وہاں موجود تھے، یہاں ان کے اہل خانہ، دوست و احباب اورعوام کی بڑی تعداد بھی ان کے استقبال میں شریک ہوئی۔
اس موقع پروزیراعلیٰ بلوچستان کے ترجمان بابر یوسفزئی نے کہا کہ شاہ زیب رند کراٹے کمبیٹ لیگ میں شرکت کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
شاہ زیب رند پاکستان اور بلوچستان کا فخر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایات ہیں کہ شاہ زیب رند کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا جائے۔
اس موقع پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شاہ زیب رند نے کہا کہ امریکا کا ٹوربہت اچھا رہا اور ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہم نے دو پروفیشنل مقابلے جیتے جو آج تک کوئی اور نہیں جیت سکا۔
شاہ زیب رند نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’میرا اگلا ٹارگٹ ورلڈ ٹائٹل ہے۔‘ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگرحکومت نے تعاون کیا تو دیگر کھیلوں میں بھی بلوچستان اور پاکستان کا نام روشن کریں گے۔