وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے پروگرام میں اتنے لوگ نہیں آئیں گے کہ راستے بند کرنا پڑیں۔
پارلیمنٹ میں وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہاکہ یہ کوئی جلسے کرنے کا موسم نہیں ہے۔ اس وقت جو دنیا میںحالات ہیں ، اس کے جو اثرات ملکوں پر، ان کی معیشت پر اور عام آدمی بھی آ رہے ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ یہ اثرات عام آدمی تک کم سے کم پہنچیں تاکہ اس کی زندگی متاثر نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت جو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ہیں، انہوں نے پہلی دفعہ میچورٹی کا ثبوت دیا ہے، اپنے عہدے کی ذمہ داری کو دیکھتے ہوئے، قومی مفاد کو دیکھتے ہوئے، پارٹی پالیسی یا پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ اور جو قومی فیصلے وزیراعظم اور صدر مملکت کی سربراہی میں ہوئے، ان پر من و عن عمل کر رہے ہیں۔ باقی پارٹی والے بھی اسی لائن پر چلیں۔
سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ اس وقت پاکستان کا جو مسئلہ ہے، پوری دنیا کا جو مسئلہ ہے وہ اور ہے۔ جلسے کرنے سے لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
ان سے پوچھا گیا کہ کیا کل راولپنڈی اور اسلام آباد کے راستے بند ہوں گے؟ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ فکر نہ کریں۔ اتنے لوگ نہیں آئیں گے کہ رستے بند کرنا پڑیں۔












