وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کفایت شعاری مہم پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے، حکومتی احکامات کے تحت مارکیٹیں مقررہ اوقات میں بند کروانے کے لیے اسلام آباد پولیس متحرک ہو گئی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی آپریشنز خود فیلڈ میں موجود ہیں اور صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق شام 7:30 بجے سے شہر بھر میں تمام ایس ایچ اوز اور پولیس کی بھاری نفری مختلف مارکیٹس میں موجود رہی۔
اسلام آباد پولیس نے تمام تجارتی مراکز کو حکومتی ہدایات کے مطابق مقررہ وقت پر بند کروا دیا، جبکہ پیٹرولنگ یونٹس اور خصوصی اسکواڈز شہر کے مختلف کاروباری علاقوں میں مسلسل گشت کر رہے ہیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے اور شہر میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات جاری ہیں۔













