پاناما میں مشہور پل کے قریب زوردار دھماکا اور آتشزدگی، تحقیقات شروع

بدھ 8 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

 

پاناما میں بریج آف دی امریکاز کے قریب زوردار دھماکے اور خوفناک آگ نے علاقے میں ہلچل مچا دی، جس کے بعد مرکزی پل پر ٹریفک فوری طور پر معطل کر دی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق واقعہ لا بوکا، بالبوا کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک ٹینکر ٹرک میں دھماکے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی۔ آگ نے قریبی فیول ٹرمینل کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں آسمان پر سیاہ دھوئیں کے بلند بادل چھا گئے۔

یہ بھی پڑھیے: نائب وزیراعظم کی پاناما کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شعلے پل کے نیچے اور اطراف میں پھیل رہے ہیں، جس سے پل کی ساختی حفاظت سے متعلق خدشات بھی پیدا ہو گئے۔

فائر بریگیڈ کے مطابق ہنگامی صورتحال کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق شام 4:12 بجے ملی، جس کے بعد متعدد فائر اسٹیشنز سے امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے: ڈھاکا میں اسٹیل مل کے بوائلر میں دھماکا، 8 مزدور جھلس کر زخمی

حکام کے مطابق حادثے میں دو افراد جھلس کر زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو کر کے طبی امداد دی گئی، جبکہ ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ آگ بجھانے کے دوران دو فائر فائٹرز بھی زخمی ہوئے۔

انتظامیہ نے احتیاطی طور پر پل پر آمد و رفت معطل کر دی ہے جبکہ انجینئرز کی ٹیمیں یہ جائزہ لے رہی ہیں کہ شدید گرمی سے پل کو کوئی نقصان تو نہیں پہنچا۔ شہریوں کو متاثرہ علاقے سے دور رہنے اور متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp