پنجاب اسمبلی نے ایک تاریخی قرارداد منظور کی ہے جسے رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پیش کیا۔ اس قرارداد میں امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی میں پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا گیا اور وفاقی حکومت کی سفارتی کامیابی کی بھرپور تائید کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے ذمہ دار ریاست کے طور پر خطے کو ممکنہ تباہی سے بچایا، وفاقی وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی
قرارداد میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک اور مخلصانہ کوششوں نے مشرقِ وسطیٰ میں ممکنہ بڑے بحران کو روک کر پاکستان کو عالمی سطح پر ’امن کے سفیر‘ کے طور پر نمایاں کیا ہے۔ ایوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس پیش رفت کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی فتح بتایا۔

حنا پرویز بٹ کی پیش کردہ یہ قرارداد اس بات پر زور دیتی ہے کہ پاکستان نے عالمی تنہائی کے دنوں کے بعد اب حساس خطے میں امن قائم کرنے میں ایک اہم اور قابلِ فخر کردار ادا کیا ہے۔ ایوان نے اس کامیابی کو ملک کی خارجہ پالیسی میں سنگ میل کے طور پر تسلیم کیا۔














