9 مئی کو بغاوت ہوئی، ایسا کرنے والے ناک سے لکیریں بھی نکالیں تو معافی نہیں مل سکتی، وزیر داخلہ

اتوار 4 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جو لوگ 9 مئی کو ہونے والے واقعات میں ملوث ہیں ان کو ناک سے لکیریں نکالنے پر بھی معافی نہیں مل سکتی، صرف زبانی کلامی جرم کرنے والوں کو معاف کیا جا سکتا ہے۔

فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے عمران خان کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ اب پاکستان کی سیاست سے نفی ہوگا۔ اس شخص کو وہ فصل کاٹنی پڑے گی جو اس نے بوئی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ قانونی عمل کو سبو تاژ کرے۔ اب صفائیاں اور تاویلیں نہیں چل سکتی، ریاست کی رٹ کو ہر صورت میں قائم کیا جائے گا۔

شہدا کے مجسمے جلانے والوں کو ریلیف دیا جا رہا ہے

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے شہدا کے مجسموں کو جلایا ان کو ریلیف دیا جا رہا ہے اور ججز مہربانیاں کر رہے ہیں حالانکہ سانحہ 9 مئی پر بھارتی جرنیل نے کہا کہ جو کچھ ہوا اس سے انڈیا میں خوشی ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو سیاسی احتجاج نہیں بلکہ ریاست کے خلاف بغاوت کی گئی جس کی معافی نہیں دی جاسکتی۔ کیا ایسا ممکن ہے کہ کوئی بھی شخص علاقے کے سپریم کمانڈر کے گھر میں گھسے اور آگ لگا دے۔ ہم نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ یہ فتنہ ہے اور فساد برپا کرے گا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 2014 میں سیاست میں بدتمیزی کا کلچر متعارف کرایا گیا۔ کتنی ستم ظریفی ہے کہ جس وقت ہمیں چور اور ڈاکو کہہ کر پکارا جا رہا تھا اس وقت پنکی پیرنی اور فرح گوکی ملک کو لوٹ رہی تھیں۔

پی ٹی آئی اپنے دور میں کوئی عملی کام نہیں کر سکی

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے صرف باتیں کیں عملی کام کوئی نہیں کر سکے۔ 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں صرف اعلان ہی رہا۔ ہم نے فیصل آباد کا بائی پاس ایک سال میں بنا دیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے نیشنل ڈیٹا بیس اتھارٹی (نادرا) کے زونل آفس کے سربراہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ دفتر بہت خوبصورت بنایا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp