وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے چپڑاسی قیصر اقبال بھٹی نے کرپشن سے پیسے کمائے جس کے تانے بانے راسخ الہی اور ان کی اہلیہ، مونس الہی اور ان کی اہلیہ سے ملتے ہیں۔ بینک ریکارڈ کے مطابق قیصر اقبال بھٹی کے اکاؤنٹس کا ٹرن اوور 811 ملین پاکستانی اور 4000 یورو ہے۔ قیصر اقبال بھٹی کے ساتھ ٹرانزیکشنز کی بنیاد پر راسخ الہی انکی اہلیہ اور مونس الہیٰ کی اہلیہ کو طلب کیا گیا ۔ قیصر اقبال بھٹی کے اکاؤنٹس سے 32 کروڑ 50 لاکھ روپے چوہدری خاندان کو ٹرانسفر کیے گئے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پرویز الہیٰ کے بیٹے اور 2 بہوؤں کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دی ہے۔ حکام نے تحریری آگاہ کیا کہ پنجاب اسمبلی کے چپڑاسی قیصر اقبال بھٹی کے اثاثہ جات ان کی آمدن سے زائد ہیں۔
ایف آئی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا چپڑاسی قیصر اقبال بھٹی منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہے۔ اس نے تحریم الہی، زارا الہی اور راسخ الہی کے ساتھ ناقابل وضاحت بینکنگ ٹرانزیکشنز کیں۔ قیصر اقبال بھٹی نے 11 افراد اور 3 کمپنیز کے ساتھ ایسی ٹرانزیکشنز کیں جس کی کوئی وضاحت موجود نہیں ہے۔ 3 کمپنیز کے ساتھ مجموعی طور پر 129.8 ملین کی ٹرانزیکشنز کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق قیصر اقبال بھٹی نے مونس الہی کی اہلیہ تحریم الہی کے ساتھ 27 ملین کی ناقابل وضاحت ٹرانزیکشن کیں جبکہ راسخ الہی اور ان کی اہلیہ زارا الہی کے ساتھ 83 ملین اور 5 ملین کی ٹرانزیکشنز کیں۔ اینٹی کرپشن کی رپورٹ کی روشنی میں راسخ الہی، تحریم الہی اور زارا الہی کے خلاف منی لانڈرنگ دفعات کے مقدمہ درج کیا گیا۔
فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹ کی روشنی میں گزشتہ برس قیصر اقبال بھٹی کے خلاف مشکوک ٹرانزیکشنز کی تحقیقات شروع کہ گئی تھیں، ابتدائی تحقیقات کے مطابق چپڑاسی قیصر اقبال بھٹی 175 ملین کی مشکوک ٹرانزیکشنز میں ملوث پایا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے راسخ الہی، زارا الہی اور تحریم الہی کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کی ہے۔ یاد رہے کہ پرویز الہی کے بیٹے راسخ الہی انکی اہلیہ زارا الہی اور مونس الہیٰ کی اہلیہ تحریم الہی نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے کے اخراج کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔