کوئٹہ کی 60 یونین کونسلز میں 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم شروع

پیر 5 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی 60 یونین کونسل میں 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ مہم کے دوران 5 لاکھ 16 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انسدادِ پولیو مہم کے لیے 2046 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں واضع رہے کہ کوئٹہ میں جاری نیشنل گیمز کی وجہ سے انسدادِ پولیو کی مہم ملتوی کر دی گئی تھی۔

بلوچستان ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق اس سے قبل بلوچستان کے 18 اضلاع کی 393 یونین کونسلز میں 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم 15 مئی کو چلائی گئی تھی جس میں 12 لاکھ 62 ہزار کے قریب بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے گئے تھے۔

واضع رہے کہ سال 2021 سے ابتک بلوچستان میں پولیو وائرس کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ اپریل 2021 سے صوبے کے کسی بھی ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس بھی نہیں پایا گیا۔ بلوچستان ایمرجنسی آپریشن سینٹر حکام نے والدین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو دائمی معذوری سے بچنے کے لیے پولیو سے مدافعت کے قطرے پلائیں اور مہم کے دوران پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کریں۔

2023: خیبر پختونخوا میں دنیا کے پہلے پولیو کیس کی تشخیص

جمعہ 17 مارچ 2023 کو رواں برس میں دنیا کے پہلے پولیو کیس کی تشخیص پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں کی گئی تھی۔ وزارت صحت نے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں سے اس سال کے پہلے پولیو کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کی تھی۔

ضلع بنوں کی یونین کونسل باکا خیل کے رہائشی تین سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ گزشتہ سال بھی پاکستان سے رپورٹ ہونے والے تمام کیسز صوبہ خیبرپختونخوا سے تھے۔

عالمی طریقہ کار کے مطابق ایک سال تک زیرو پولیو کیس رپورٹنگ کے بعد مزید دو سال تک زیرو کیس رپورٹنگ برقرار رکھنے کے بعد ہی عالمی ادارہ صحت کسی بھی ملک کو پولیو فری قرار دیتا ہے۔

لگ بھگ دنیا بھر سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہے تاہم پاکستان اور افغانستان سمیت کچھ افریقی ممالک اب بھی عالمی ادارہ صحت کو پولیو کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

پاکستان سے گذشتہ برس 2022 میں 20 پولیو کیس رپورٹ ہوئے تھے۔ شمالی افریقہ کے ملک موزمبیق سے 8 جبکہ افغانستان سے پولیو وائرس کے 2 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

پولیو کی خطرناک قسم وائلڈ پولیو وائرس ون کا تقریباً پوری دنیا سے خاتمہ ہو گیا ہے اور رواں سال ابھی تک کسی ملک سے پولیو وائرس کا کوئی بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا۔ تاہم وزارت صحت نے پاکستان سے پولیو وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کی تصدیق کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp