پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ندیم افضل چن کے والد سابق صوبائی وزیر حاجی محمد افضل چن کو اتوار کی رات ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا اور پھر چند گھنٹے بعد انہیں رہائی مل گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر ندیم افضل چن نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ تھا ’میں نجف میں ہوں اور میرے 75 سالہ والد کو اٹھا کر لے گئے ہیں۔‘ اس ٹویٹ سے چند منٹس قبل تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے بھی ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنے بزرگ والد کو گرفتار کرنے کی اطلاع دی تھی۔
میں نجف میں ھو ں اور میرے گھر سے میرے ۷۵ سالہ والد کو گرفتار کر لیا ھے۔
— Nadeem Afzal Chan (@NadeemAfzalChan) June 4, 2023
تحریک انصاف کے رہنماؤں کے گھروں پر پولیس آج کل چھاپے مار رہی ہے لیکن ندیم افضل چن تو حکومتی جماعت کا حصہ ہیں پھر کیوں ان کے والد کو کیوں گرفتار کیا گیا؟
ندیم افضل چن کے بھائی گلریز افضل چن پاکستان تحریک انصاف کا حصہ ہیں اور پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر وہ رکن صوبائی اسمبلی رہ چکے ہیں۔ اس حوالے سے ندیم افضل چن کے خاندانی ذرائع بتاتے ہیں کہ رات گئے لاہور پولیس کی ان کی رہائش گاہ پر پہنچی تو گلریز افضل چن کے بارے میں پوچھا گیا۔ جب پولیس کو بتایا کہ گلریز چن گھر پر موجود نہیں ہیں تو انہوں نے ان کے والد حاجی محمد افضل چن کو باہر بلایا اور گاڑی میں بیٹھا کر منڈی بہاؤالدین لے گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق پولیس کے پاس کسی کی بھی گرفتاری کا کوئی وارنٹ موجود نہیں تھا اور گلریز افضل چن کی گرفتاری کے لیے پولیس کی 4 گاڑیاں ان کی رہائش گاہ پر آئی تھیں۔ بعدازاں پولیس نے سابق صوبائی وزیر حاجی محمد افضل چن کو رہا کر دیا تھا۔ اس پر بھی ندیم افضل چن نے ٹوئیٹ کیا تھا کہ ’میرے والد صاحب کو رہا کر دیا گیا ہے میں تمام بھائیوں اور دوستوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ان مشکل لمحات میں ساتھ دیا۔ پروردگار پاکستان میں عدل کا بول بالا کر۔‘
میرے والد صاحب کو رھا کر دیا گیا ھے میں تمام بھایئوں۔ دوستوں کا شکر گزار ھوں جنہوں نے اس مشکل لمحات میں ساتھ دیا۔ اور میرے امام نے Suo moto لیا۔ پروردگار پاکستان میں عدل کا بول بالا کر۔
— Nadeem Afzal Chan (@NadeemAfzalChan) June 4, 2023
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما گلریز افضل چن بیرون ملک موجود ہیں جبکہ ان کے والد حاجی محمد افضل چن برسوں قبل عملی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر چکے ہیں، بقول افضل ندیم چن ’میرے باپ نے تو 15 سال پہلے سیاست پر لعنت بھیج دی تھی۔‘
گرفتار کرنے والو میرے بوڑھے باپ کو چھوڑ دو میں آکر گرفتاری دے دوں گا۔ میرے باپ نے تو ۱۵ سال پہلے سیاست پر لعنت بھیج دی تھی۔
— Nadeem Afzal Chan (@NadeemAfzalChan) June 4, 2023
ندیم افضل چن سابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی رہ چکے ہیں۔ 2021 میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اختلافات کے باعث انہوں نے اپنے عہدے سے استعفے کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف بھی چھوڑنے کا اعلان کر دیا تھا اور دوبارہ پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔