بنگلہ دیش میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران تقریباً 50 ہزار لیٹر ایندھن اور خوردنی تیل برآمد کر لیا گیا۔
بنگلہ دیش کی ایلیٹ فورس ریپڈ ایکشن بٹالین نے 3 اضلاع میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران بڑے پیمانے پر غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کا انکشاف کیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائیاں جمعہ کے روز چٹوگرام، سراج گنج اور فریدپور میں کی گئیں، جہاں آٹھ موبائل کورٹس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔
یہ بھی پڑھیے: اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 ملزمان گرفتار
سرکاری بیان کے مطابق چٹوگرام میں سب سے بڑی مقدار برآمد ہوئی، جہاں 45 ہزار 549 لیٹر آکٹین، پٹرول، ڈیزل اور خوردنی تیل مختلف مارکیٹوں، رہائشی فلیٹس اور نجی گوداموں سے ضبط کیا گیا۔
موبائل کورٹس نے غیر قانونی ذخیرہ، ناقص حفاظتی انتظامات اور غیر صحت بخش پیداوار پر 6 کاروباری اداروں کو مجموعی طور پر 3 لاکھ 30 ہزار ٹکا جرمانہ بھی عائد کیا، جبکہ تقریباً 1500 لیٹر زائد المیعاد تیل بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
سراج گنج کے علاقے سلنگا میں دو افراد کو ایندھن کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی پر دو ماہ قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ فریدپور میں ایک پیٹرول پمپ کو غیر قانونی ذخیرہ کرنے پر جرمانہ کیا گیا، جبکہ ایک شخص کو موٹر سائیکل پر حد سے زیادہ ایندھن لے جانے پر بھی جرمانہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد پولیس کا شہریوں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن
مجموعی طور پر اس کارروائی کے دوران 3 لاکھ 61 ہزار ٹکا سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔
ریپڈ ایکشن بٹالین کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کے خلاف ایسی کارروائیاں ملک بھر میں جاری رہیں گی، جبکہ حکام نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔














