فِٹس ایئر نے پاکستان کی فضائی مارکیٹ میں باقاعدہ طور پر قدم رکھ دیا جہاں سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو سےلاہور کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور سری لنکا کا ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق، مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کا عزم
ایوی ایشن حکام کے مطابق افتتاحی پرواز نمبر 8ڈی-981 ہفتے کی شام 8 بج کر35 منٹ پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری جس میں 134 مسافر سوار تھے۔ اس موقے پر ایئرلائن کی پہلی پرواز کے پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیا گیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق مسافروں کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں پھول پیش کیے گئے۔ بعد ازاں ایئرپورٹ پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ اسی سلسلے میں واپسی کی پرواز 8ڈی-982 رات 9 بج کر 40 منٹ پر کولمبو کے لیے روانہ ہوئی، جس میں 66 مسافر سوار تھے۔
یہ نئی فضائی سروس پاکستان اور سری لنکا کے درمیان رابطوں کو مزید بہتر بنانے کی جانب اہم قدم قرار دی جا رہی ہے جس سے نہ صرف سیاحت بلکہ تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیے: کولمبو: پاکستان سری لنکا مشترکہ اقتصادی کمیشن کا 13واں اجلاس، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور اقتصادی تعلقات طویل عرصے سے قائم ہیں جبکہ آزاد تجارت، دفاعی تعاون اور علاقائی روابط کے شعبوں میں بھی تعاون جاری ہے۔ نئی پرواز کو خطے میں فضائی رابطوں کی بہتری اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔













