پی ٹی آئی تمام حدیں عبور کر چکی، 9 مئی کی بغاوت کا جواب دینا ہوگا، رانا ثنا اللہ

منگل 6 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف بغاوت اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے عمران خان اور اس کے ٹولے کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، ان کو آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

آزادکشمیر کے ضلع باغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی کے تحت عدلیہ پر حملے کرنے والوں کو جواب دینا پڑے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ کشمیر کے عوام کی محبت اور خواہش پر آج ان کے درمیان موجود ہوں اور 8 جون کے الیکشن میں شیر کے نشان کی کامیابی کے لیے ووٹ کی اپیل کر رہا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملہ: 9 مئی کے شرپسندوں کے سرغنہ کی شناخت ہو گئی

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس کے بغیر پاکستان کا زندہ رہنا ناممکن ہے۔ پاکستان اور آزاد کشمیر میں ترقی کا سفر اکٹھا شروع ہوا ہے، پاکستان اور آزاد کشمیر کو مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ بحرانوں سے نکالا ہے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ بھارت نے ایٹمی دھماکے کیے تو پوری دنیا اس کی طرف ہو گئی، امریکا بھی چاہتا تھا کہ پاکستان ایٹمی دھماکے نہ کرے لیکن اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے پوری دنیا کی مخالفت کے باوجود ایٹمی دھماکے کیے۔

نواز شریف نے انڈیا کے ایٹمی دھماکوں کا منہ توڑ جواب دیا

انہوں نے کہا کہ دنیا کی تمام تر دھمکیوں کے باوجود 28 مئی کو انڈیا کو منہ توڑ جواب دے کر پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا لیکن ساتھ ہی 12 اکتوبر 1999ء کو ملک میں مارشل لاء نافذ کر دیا گیا، ہم نے اس کا بھی مقابلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ملک میں دہشت گردی کی لہر آئی، 2013 میں جب نواز شریف کی قیادت میں (ن) لیگ کی حکومت آئی، اس پانچ سالہ دور میں 20،20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔ یہ وہ دور تھا جب دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا قلع قمع ہوا وہیں ملک کے دیگر شعبوں میں بھی ریکارڈ ترقی ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں 9 مئی کو بغاوت ہوئی، ایسا کرنے والے ناک سے لکیریں بھی نکالیں تو معافی نہیں مل سکتی، وزیر داخلہ

وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک سازش رچائی گئی، اس وقت کی جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ نے ترقی کا سفر روک دیا، نواز شریف کو جوڈیشل سازش کے ذریعے نااہل کیا گیا، اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ نے فتنہ خان کو مسلط کیا، اس شخص نے 2014 میں اسلام آباد میں لانگ مارچ ، 126 دن کا دھرنا، سول نافرمانی کی بنیاد رکھی گئی، تھانوں پر حملے کر کے ملزموں کو چھڑایا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان کے نام لے کر دھمکیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ خان 2014 سے بغاوت کی تیاری کر رہا تھا، اس کے تمام گناہوں پر پردہ ڈال کر دہشت گردی کے مقدمات کے باوجود اس شخص کو اقتدار دیا گیا، پونے چار سال پورے پاکستان اور آزاد کشمیر میں کوئی ڈویلپمنٹ کا منصوبہ پی ٹی آئی کے دور میں نہیں بنا، نواز شریف کے منصوبوں پر پی ٹی آئی نے اپنے بورڈ لگانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔

نواز شریف نے آزاد کشمیر کو مالی طور پر خود مختار کیا

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے آزاد کشمیر کو مالی طور پر خود مختار کیا، ایک کھرب روپے کے ترقیاتی کام آزاد کشمیر کے اندر (ن) لیگ کے دور میں ہوئے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان نے اپنے اقتدار کے دوران سوائے انتقامی کارروائی کے اور کچھ نہیں کیا، مخالفین پر جھوٹے مقدمات کی بھرمار کی گئی۔ ایک کروڑ نوکریاں کہاں پر ہیں۔؟

یہ بھی پڑھیں 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے سرغنہ کو گرفتار کیا جائے، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا مطالبہ

وزیر داخلہ نے کہاکہ فرح گوگی کو تحفے دیے گئے۔ 12ارب کی غیرقانونی ٹرانزیکشن اس کے اکاؤنٹ میں ہوئی ہے۔ 190ملین پاؤنڈ کے بدلے میں فتنہ خان نے 7ارب کی کمیشن لے کر القادر ٹرسٹ کی زمین حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کے 2ممبران ہیں جن میں عمران خان اور اس کی اہلیہ ہیں۔ اس ٹرسٹ میں کوئی اور نہیں ہے۔ ان لوگوں نے قوم کو 60ارب کا ٹیکہ لگایا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے جعلی پلستر چڑھا کر باقاعدہ منصوبہ بندی کے ذریعے بغاوت کو عملی جامعہ پہنانے کے لیے اپنے آپ کو ریڈلائن قرار دلوایا۔

عمران خان کی گرفتاری کے بعد منصوبہ بندی کے تحت واقعات ہوئے

انہوں نے کہا کہ اس بیانیے کے ساتھ گرفتاری پر حملوں کی منصوبہ بندی بھی کی گئی تا کہ عدلیہ میرے خلاف کارروائی نہ کر سکے۔ زمان پارک پولیس وارنٹ گرفتاری کے لیے گئی تو اس پر حملے کیے گئے۔ یہ سب کچھ منصوبہ بندی کے تحت ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب کرپشن کے مقدمے میں عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو ایک منصوبے کے تحت ریاست پرحملہ کیا گیا۔ فوج اور ریاست پر حملہ کرنے کے بعد کہا جا رہا تھا کہ سیاسی احتجاج ہے حالانکہ یہ بغاوت تھی۔

انہوں نے کہا کہ جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ کی گئی اور عمارت کو آگ لگا دی گئی۔ دفاعی تنصیبات پر یلغار، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔ ایسا کرنے والے ملک دشمن ہی ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی 9 مئی کے واقعات پر افواج پاکستان سے معافی مانگے: سعد رفیق

انہوں نے کہاکہ کیپٹن کرنل شیر خان کی تعریف تو ہندوستانی جرنیل بھی کرتے ہیں لیکن انہوں نے ان کی یادگاروں کو بھی نہیں چھوڑا۔ پی ٹی آئی تمام حدیں عبور کر چکی ہے اب انہیں اس بغاوت کا جواب دینا ہو گا۔ اس پر کوئی معافی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا اور سزائے موت کی چکی میں رکھا گیا۔ اتنا مشکل وقت گزارا لیکن آج بھی نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہوں۔

نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا

وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں۔ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نواز شریف کو نااہل کیا جاتا ہے اور دوسری جانب منصوبہ بندی سے آگ لگانے والوں کو ریلیف مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اسمبلیاں توڑ کر ایک ساتھ الیکشن کی روایت کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن ہم نے اس کوشش کو بھی ناکام بنایا۔ عمران خان اور اس کا ٹولہ جو پاکستان کے خلاف بغاوت، دفاعی تنصیبات پر حملوں، شہداء کی یادگاروں پرحملہ کرنے میں ملوث ہیں ان کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں 9 مئی واقعہ، 499 میں سے صرف 6 مقدمات آرمی ایکٹ کے تحت چلائے جائیں گے، رانا ثنا اللہ

انکا کہنا تھا کہ آنے والا وقت مسلم لیگ ن اور نواز شرریف کا ہے۔ پنجاب میں (ن) لیگ کلین سویپ کرے گی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ٹکڑے ہوں گے، کچھ لوگ میاں نواز شریف کے ساتھ، کچھ پیپلز پارٹی اور کچھ دیگر کے ساتھ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں شفاف الیکشن ہونگے کسی کو ٹھپے لگانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp