2 ماہ میں انتخابات ممکن نہیں، الیکشن تب ہوں گے جب میں چاہوں گا: آصف زرداری

منگل 6 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ 2 ماہ میں انتخابات ممکن نہیں ۔الیکشن تب ہوں گے جب میں چاہوں گا۔ کارکنان صبر کریں۔ اقتدار میں آکر زرمبادلہ کے ذخائر کو 100 ارب ڈالر تک لے کر جائیں گے۔

لاہور میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست میں ہر چیز کو کرنے کا حل موجود ہے۔ جن لوگوں کو سیاست نہیں آتی وہ ایسی باتیں کرتے ہیں۔

سابق صدر مملکت نے کہا کہ صبر کا وہ پھل ملے گا جس کا آپ کو اندازہ ہی نہیں۔ سارے دکھ درد دور ہو جائیں گے۔ میں نے جیل میں معیشت کے حوالے سے بہت سی کتابوں کا مطالعہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فوج کا بڑا خرچ نہیں اس حوالے سے خواہ مخواہ پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔

آصف زرداری سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز کی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر غور کیا گیا۔

دریں اثنا آصف زرداری سے سندھ سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں نے ملاقات کی اور پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد سابق رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سکندر شورو اور سردار کانبو خان برہمانی پیپلزپارٹی میں شامل ہو گئے۔

اس کے علاوہ عارب خان برہمانی اور ڈسٹرکٹ کونسل جامشورو کے سابق وائس چیئرمین محمد صادق شورو نے بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والے سیاسی زعما کو خوش آمدید کہا۔

اس موقع پرآصف زرداری کے ہمراہ پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری اور رکن سندھ اسمبلی جام خان شورو بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ سابق صدر مملکت آصف زرداری انتخابات قریب آتے ہی متحرک ہو گئے ہیں اور ان کی نظریں پنجاب پر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp