آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کے بھرپور تعاون سے ملک دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنائیں گے۔ ملک دشمن جعلی خبروں کے ذریعے انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشنز کمانڈرز نے شرکت کی۔
پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کا آپس میں گہرا تعلق ہے، آرمی چیف
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ ریاست پاکستان اور مسلح افواج شہدا پاکستان اور ان کے اہل خانہ کو احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کی لازوال قربانیوں کا ہمیشہ احترام کرتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کا آپس میں گہرا تعلق ہے جو قومی سلامتی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ 25 مئی کی تقریبات میں عوام کی بھرپور شرکت افواج پاکستان اور عوام میں گہرے تعلق کی واضح عکاسی کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں آرمی چیف مجھے اقتدار میں واپس آنے سے روکنے کی کوشش کررہے ہیں، عمران خان
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز پر پر تشدد حملے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی سرگرمیوں کو روکنے کے بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور مسلح افواج کو بدنام کرکے مذموم سیاسی مفادات کا حصول ہے۔
سپہ سالار نے کہا کہ بگاڑ پیدا کرنے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے پیچھے پناہ لینے کی تمام تر کوششیں بے سودہیں۔ کثرت سے جمع کیے گئے ناقابل تردید شواہد کو نہ جھٹلایا اور نہ ہی بگاڑا جا سکتا ہے۔
کانفرنس میں شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش
اس موقع پر فورم نے شہدا کی عظیم قربانیوں، جن میں مسلح اَفواج، قانون نافذ کرنے والے اِداروں کے افسران وجوانوں اور سِول سوسائٹی کے شہدا شامل ہیں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فارمیشن کمانڈ کانفرنس کے شرکاء نے یوم سیاہ سانحہ 9 مئی کے واقعات کی سخت ترین مذمت کی۔
کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ مذموم مقاصد کے حصول کے لیے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پروان چڑھانے اور ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ضرورت ہے۔
سانحہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے خلاف کارروائی پر زور
شرکا نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان کے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے خلاف قانون کی گرفت مضبوط کی جائے۔
کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ شہدا کی یادگاروں، جناح ہاؤس کی بے حرمتی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ، جو کے آئینِ پاکستان کے تحت ہیں کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ان کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردارتک پہنچایاجائے۔
یہ بھی پڑھیں امن و استحکام کا عمل خراب کرنے والوں کی ملک میں کوئی گنجائش نہیں: آرمی چیف
شرکا کا کہنا تھا کہ مخالف قوتوں کے ناپاک عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنانے کی راہ میں کسی بھی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے اور ابہام پیدا کرنے کی کوششوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
شرکا نے کہا کہ افواجِ پاکستان، ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔