پاکستان ہے تو ہم ہیں، میثاق معیشت پر بات کرنے کی ضرورت ہے: آصف زرداری

بدھ 7 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ہے تو ہم بھی ہیں۔ اس کے بغیر کسی کی کوئی حیثیت نہیں۔ پاکستان میں آگے بڑھنے کی صلاحیت موجود، ہمیں میثاق معیشت پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔

ایف پی سی سی آئی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں اب بھی آگے بڑھنے کی صلاحیت موجود ہے، پنجاب کے بڑے بزنس مین اکٹھے ہو جائیں میں سرمایہ کاری کی ضمانت دیتا ہوں۔ ایکسپورٹ بڑھنے سے مسائل حل ہوتے ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ آپ ماضی میں 5 سال ہماری حکومت دیکھ چکے ہیں۔ میں یہ نہیں کہتا کہ کہ وہ بہترین طریقے سے چلائی گئی نہ یہ کہتا ہوں کہ اس سے بہتر نہیں ہو سکتی تھی بلکہ میرا کہنا یہ ہے کہ دوسروں کی حکومتوں سے کافی بہتر تھی۔

انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے لیے معیشت کی بہتری ضروری ہے، غیر ملکی سرمایہ کار پیسہ لگاتا ہے اور واپس لے جاتا ہے۔ موجودہ مائنڈ سیٹ سے نکل کر معیشت کی بہتری کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے، دفاعی اخراجات زیادہ ہونے کا پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت 5 یا 10 سالوں کے لیے نہیں بلکہ نسلوں کے لیے ہوتی ہے۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ تاجر برادری کا خیال رکھا۔ پہلے لوگوں کو امیر کرکے پھر ٹیکس لگانا ہوں گے۔

آصف زرداری نے کہا کہ میں گھر سے زیادہ جیل میں رہا ہوں۔ میثاق جمہوریت میں طویل پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میثاق معیشت پر بھی بات کرنے کی ضرورت ہے۔ چین نے 50 سالوں کے لیے منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔ طویل پالیسیاں ہوں گی تو ہر آنے والی حکومت ان پر عمل کرے گی۔ ہمیں اجتماعی سوچ اپنانا ہوگی۔

سابق صدر مملکت نے کہا کہ آج اگر بینظیر بھٹو کو یاد کیا جاتا ہے تو اس کی وجہ وہ کام ہیں جو انہوں نے عوام کے لیے کیے۔ اگر میرے دور کو یاد کیا جاتا ہے تو اس کی وجہ بینظیر کارڈ، اٹھارویں ترمیم اور اختیارات کی منتقلی جیسے اقدامات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے قیام کی ضرورت ہے۔ چین میں جہاں بندرگاہیں ہیں وہاں ترقی بھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp