ناسا آرٹیمس II مشن: خلا بازوں نے چاند کے سفر کے راز ٹی وی شو میں بیان کر دیے

اتوار 3 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ناسا کے آرٹیمس II مشن کے خلا بازوں نے مقبول ٹی وی پروگرام ’دی ٹونائٹ شو اسٹارنگ جمی فالن‘ میں شرکت کے دوران اپنے تاریخی چاند مشن کے حیرت انگیز تجربات، خطرناک لمحات اور جذباتی یادیں شیئر کر کے ناظرین کو حیران کر دیا۔

ناسا کے آرٹیمس II مشن کے خلا بازوں نے اپنے حالیہ چاند کے گرد سفر کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ واپسی کے دوران اورائن کیپسول شدید حرارت اور آگ کے حصار میں آ گیا تھا۔ مشن کمانڈر ریڈ وائزمین کے مطابق خلائی جہاز فضا میں داخل ہوتے وقت ایک جلتی ہوئی پلازما بال میں تبدیل ہو گیا تھا، جہاں ہر کھڑکی سے شعلے نظر آ رہے تھے اور جہاز کا بیرونی حصہ حد درجہ گرم ہو چکا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:تاریخی  چاند مشن کی کامیاب واپسی، براک اوباما کا آرٹیمس II کے خلانوردوں کو خراج تحسین

مشن میں شامل دیگر خلا بازوں میں وکٹر گلوور، کرسٹینا کوچ اور کینیڈا کے جیریمی ہینسن شامل تھے، جو چاند کے گرد پرواز کرنے والے پہلے کینیڈین خلا باز بھی بنے۔ یہ ٹیم تقریباً 10 دن تک خلائی جہاز میں رہی۔

خلا بازوں نے بتایا کہ اگرچہ لانچ کا مرحلہ دلچسپ ہوتا ہے، لیکن اصل امتحان زمین پر واپسی کا ہوتا ہے، جب خلائی جہاز آواز کی رفتار سے 39 گنا تیز رفتار سے فضا میں داخل ہوتا ہے۔

مشن کے دوران خلا بازوں نے زمین کو دور سے ایک ’چھوٹی نیلی گیند‘ کے طور پر دیکھا، جسے وہ مزاحاً ’ٹائنی ارتھ‘ کہنے لگے۔ چاند کے دور والے حصے  کا مشاہدہ بھی ان کے لیے ایک منفرد تجربہ تھا، جہاں انہوں نے چاند کی سطح کی غیر معمولی ساخت کو قریب سے دیکھا۔

اس مشن کا ایک جذباتی لمحہ وہ تھا جب خلا بازوں نے متفقہ طور پر ایک قمری گڑھے (کریٹر) کو کمانڈر وائزمین کی اہلیہ کی یاد میں منسوب کیا۔ وائزمین کے مطابق ان کی بیٹیوں کو بھی اس فیصلے کا پہلے سے علم نہیں تھا، اور اس واقعے نے ٹیم کو مزید مضبوطی سے جوڑ دیا۔

خلا بازوں نے یہ بھی بتایا کہ اورائن کیپسول کا اندرونی حصہ نہایت محدود تھا، جسے انہوں نے دو منی وینز کے برابر قرار دیا۔ 3 سال کی مشترکہ تربیت کے باعث ٹیم میں بہترین ہم آہنگی رہی، جہاں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور برداشت نے مشن کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ماہرین کے مطابق آرٹیمس II مشن انسان کی دوبارہ چاند کی جانب واپسی کی ایک اہم کڑی ہے، جو مستقبل میں مزید بڑے خلائی مشنز کی راہ ہموار کرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp