سابق امریکی صدر براک اوباما نے ناسا کے آرٹیمس II مشن کے خلانوردوں کی شاندار کارکردگی اور تاریخی سفر کی کامیاب تکمیل پر انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔
11 اپریل 2026 کو جاری کردہ اپنے ایک خصوصی بیان میں انہوں نے خلانوردوں کی ہمت اور مہارت کو سراہتے ہوئے اس مشن کو انسانی ذہانت کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: چاند کے گرد تاریخی مشن مکمل، آرٹیمس II کے خلا باز بحفاظت زمین پر واپس
براک اوباما نے اپنے پیغام میں کہا کہ آرٹیمس II کے خلانوردوں نے گزشتہ 10 دنوں میں جو کارنامہ انجام دیا وہ ان کی بہادری کا ثبوت ہے۔
انہوں نے لکھا کہ زمین سے اب تک کے سب سے طویل فاصلے تک سفر کرنا اور پھر 24 ہزار میل فی گھنٹہ کی رفتار سے کرہ ارض میں داخل ہوکر بحفاظت سمندر میں اترنا سائنس اور انسانی عزم کی فتح ہے۔
What the Artemis II astronauts did over the last 10 days was a testament to their bravery. And the fact that they traveled farther from Earth than anyone ever has, re-entered our atmosphere at more than 24,000 mph, and splashed down safely was a testament to human ingenuity.… pic.twitter.com/3aaLjMB05V
— Barack Obama (@BarackObama) April 11, 2026
واضح رہے کہ یہ 50 سال سے زائد عرصے کے بعد زمین کے نچلے مدار سے باہر بھیجا جانے والا پہلا انسانی مشن تھا۔
یہ بھی پڑھیں: آرٹیمس مشن: 1972 کے بعد پہلی بار چاند کے مدار میں انسانی پرواز
یکم اپریل کو کینیڈی اسپیس سینٹر سے روانہ ہونے والے اس مشن نے تقریباً 6 لاکھ 94 ہزار 481 میل کا فاصلہ طے کیا۔ چاند کے قریب سے گزرتے ہوئے اس خلائی جہاز نے زمین سے 2 لاکھ 52 ہزار 756 میل کا ریکارڈ فاصلہ طے کیا، جس نے 1970 میں اپالو 13 مشن کے قائم کردہ ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
مشن کے دوران خلانوردوں نے گہرے خلا میں تابکاری اور مائیکرو گریوٹی پر اہم تجربات کیے اور چاند و زمین کی ہزاروں تصاویر حاصل کیں۔
آرٹیمس II کی اس غیر معمولی کامیابی نے 2027 میں شیڈول ‘آرٹیمس III’ مشن کے لیے راہ ہموار کر دی ہے، جس کا مقصد چاند کی سطح پر انسانی قیام کو مستقل بنیادوں پر ممکن بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آرٹیمس II مشن: خلا بازوں نے چاند کے نادیدہ رخ کا منفرد منظر دیکھ لیا
ناسا کے حکام کے مطابق اس مشن سے حاصل ہونے والا ڈیٹا نہ صرف چاند بلکہ مستقبل میں مریخ تک انسانی رسائی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔













