ریاض حنیف راہی ایڈوکیٹ کی گمشدگی، قانون نافذ کرنے والے ادارے تحقیقات کریں، سپریم کورٹ بار

جمعرات 8 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ کی گمشدگی پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ  سپریم کورٹ بار اپنے کسی رکن کی گمشدگی پر آنکھیں بند نہیں کر سکتی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کا فرض ہے کہ وہ اس معاملے کی منصفانہ اور شفاف تحقیقات کریں۔

سپریم کورٹ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’وکلاء کے تحفظ اور سلامتی کے بارے میں سنگین خدشات کا اظہار کرتے ہیں، یہ ایسوسی ایشن مزید زور دے کر کہتی ہے کہ ملک کا ہر شہری قانون کے یکساں تحفظ کا حقدار ہے، سب کا بنیادی حق ہے کہ وہ اپنے پیشے کو بغیر کسی خوف، احسان اور ایذاء کے انجام دیں۔‘

آئین کے تحت ہر شہری کے بنیادی حقوق محفوظ ہیں اور کسی کو ان کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں ہے،اس طرح کی گمشدگی بنیادی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے مترادف ہے، متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا فرض ہے کہ وہ اس معاملے کی منصفانہ اور شفاف تحقیقات کریں۔

واضح رہے کہ ایڈووکیٹ ریاض حنیف راہی آج اسلام آباد سے لاپتہ ہوئے ہیں، ان کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم رحیم یار خان سے حاصل کی، اس کے بعد پنجاب یونیورسٹی لاہور سے ایل ایل بی اور ایم اے کیا ہے۔

 رحیم یار خان میں وکالت شروع کرنے کے بعد پہلے وہ لاہور اور پھر اسلام آباد آ گئے۔

ریاض حنیف راہی کی وجہ شہرت

ریاض حنیف راہی مختلف حوالوں سے عدالتوں میں درخواستیں دائر کرنے کے حوالے سے مشہور ہیں۔

جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی ایکسٹینشن کے خلاف درخواست

2019ء سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی ایکسٹینشن کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

جسٹس قاضی فائر عیسی کی تعیناتی کے خلاف درخواست

ریاض حنیف راہی نے2016 میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطوربلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے جج تعیناتی کے خلاف درخواست دائر کی تھی، جسے رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراضات لگا کر واپس کر دیا۔

تاہم دو سال بعد اچانک مارچ 2018 میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اُن کی اسی درخواست پر اپنے چیمبر میں سماعت کی اور اس درخواست پر اعتراضات ختم کرتے ہوئے سماعت کے لیے اپنی ہی عدالت میں مقرر کر لی۔ تاہم پہلی ہی سماعت پر ان کی درخواست خارج کر دی گئی تھی۔

سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے خلاف درخواست

ریاض راہی سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی معزولی کے بعد تقرری اورانہیں ریٹائرمنٹ کے بعد مراعات کے خلاف بھی عدالتوں میں جا چکے ہیں۔

آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف درخواست

ایک ہفتہ قبل ریاض راہی ایڈووکیٹ نے آڈیو لیکس کی تحقیقات کرنے والے سپریم کورٹ کے کمیشن کے خلاف بھی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی،

انہوں نے ’سٹی کونسل‘ کے نام سےایک این جی او بھی بنا رکھی ہے جبکہ وہ ’دی جیورسٹ فاؤنڈیشن‘ بھی چلا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp