چین اور بنگلہ دیش کا باہمی تعلقات مزید بہتر کرنے اور تزویراتی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

بدھ 6 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش اور چین نے بیجنگ میں ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کے دوران اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے اور جامع تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو آگے بڑھائیں گے۔

بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ خلیل الرحمان نے 5 سے 7 مئی تک چین کا اپنا پہلا سرکاری دورہ کیا، جو چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر کیا گیا۔ وانگ یی کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: چین بنگلہ دیش میں 2.1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے پرعزم

اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، جس میں وسیع اتفاق رائے پایا گیا اور ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کی حمایت اور اہم خدشات کے حل کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ پُرامن بقائے باہمی کے 5 اصولوں پر عمل جاری رکھیں گے، اعلیٰ سطحی روابط کو برقرار رکھیں گے، سیاسی اعتماد کو مزید گہرا کریں گے اور اپنی ترقیاتی حکمت عملیوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیں گے تاکہ چین۔بنگلہ دیش جامع تزویراتی تعاون کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

تائیوان کے معاملے پر دونوں فریقین نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 2758 کی حیثیت ناقابلِ تردید ہے۔ بنگلہ دیش نے ‘ون چائنا اصول’ پر اپنی مضبوط وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تائیوان چین کا اٹوٹ حصہ ہے اور عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کو پورے چین کی واحد قانونی نمائندہ تسلیم کرتا ہے۔ بنگلہ دیش نے ‘تائیوان کی آزادی’ کی ہر شکل کی مخالفت کرتے ہوئے چین کی قومی وحدت کی کوششوں کی حمایت بھی کی۔

یہ بھی پڑھیے: بنگلہ دیشی وزیر خارجہ کا 3 روزہ دورہ چین، دوطرفہ تعلقات میں نئی روح پھونکنے کی کوشش

چین نے بھی بنگلہ دیش کی قومی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا اور بنگلہ دیشی عوام کے منتخب کردہ ترقیاتی راستے کا احترام کیا۔

بنگلہ دیش نے چین کے 15ویں 5 سالہ منصوبے کے کامیاب آغاز پر مبارکباد پیش کی، جبکہ چین نے بنگلہ دیش کی نئی حکومت کے سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں حمایت کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کے تحت اعلیٰ معیار کے تعاون کو فروغ دینے اور تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، ڈیجیٹل معیشت، آبی وسائل، صحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

بنگلہ دیش نے اپنی ترقی کے لیے چین کی دیرینہ حمایت کو سراہا اور تیستا دریا کے جامع انتظام و بحالی منصوبے میں بیجنگ کے تعاون کی خواہش ظاہر کی۔

بنگلہ دیشی قیادت نے چینی صدر شی جن پنگ کے پیش کردہ ‘مشترکہ مستقبل کی عالمی برادری’ کے تصور کو سراہتے ہوئے چین کے عالمی اقدامات کا خیرمقدم کیا۔

بین الاقوامی امور پر دونوں ممالک نے اقوام متحدہ کے منشور، کثیرالجہتی نظام، بین الاقوامی تعلقات میں جمہوریت اور تنازعات کے پرامن حل کے اصولوں سے وابستگی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ایک منصفانہ اور منظم کثیر القطبی عالمی نظام اور سب کے لیے مفید اقتصادی عالمگیریت کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔

مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے حوالے سے بنگلہ دیش نے شی جن پنگ کی جانب سے پیش کردہ چار نکاتی تجویز کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے فوری اور جامع جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی، غیر فوجی اہداف کے تحفظ اور سفارتی کوششوں کی حمایت پر زور دیا۔

روہنگیا بحران کے حوالے سے چین نے بنگلہ دیش اور میانمار کے درمیان قابلِ قبول حل تلاش کرنے میں تعاون جاری رکھنے کا عندیہ دیا اور واپسی کے عمل میں اپنی استطاعت کے مطابق مدد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

وزیر خارجہ خلیل الرحمان نے دورے کے دوران میزبانی پر وانگ یی اور چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مناسب وقت پر بنگلہ دیش کے دورے کی دعوت بھی دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp