وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی دھمکیوں سے مرعوب ہونے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھی بھرپور جواب دیا اور اگر دوبارہ اشتعال انگیزی کی گئی تو بھارت کو ایک بار پھر منہ توڑ جواب ملے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھارتی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ’پاکستان سے کتنی پھینٹی کھانی ہے، اب کوئی ڈھنگ کا کام کر لیں‘۔
یہ بھی پڑھیے معرکہ حق میں بھارت کو شکست کے بعد 14 اگست کی اہمیت میں اضافہ ہوگیا، عظمیٰ بخاری
انہوں نے کہا کہ جب پاکستان نے پانی کے معاملے پر سخت مؤقف اختیار کیا تو بھارت ’بھیگی بلی‘ بن گیا اور بگلیہار ڈیم کے دروازے کھول دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مؤثر ردعمل کے بعد بھارت کے ’ایک سال پرانے زخم ابھی تک بھر نہیں سکے‘ اور اگر دوبارہ کوئی شرارت کی گئی تو اسے پھر سخت جواب ملے گا۔
یہ بھی پڑھیے پاک بھارت جنگ کے دنوں میں نواز شریف نے بولڈ فیصلے کیے، عظمیٰ بخاری
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اور پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے۔ انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خطہ مزید جنگوں کا متحمل نہیں ہو سکتا اور عالمی برادری کو تنازعات کے پرامن حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اب پاکستان کے خلاف صرف فلمیں ہی بنا سکتا ہے کیونکہ عملی میدان میں پاکستان پہلے ہی اپنی صلاحیت ثابت کر چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ بھارت کی دھمکیوں کو اب سنجیدگی سے نہیں بلکہ ’میمز‘ کے طور پر لیا جائے گا۔














