ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کو دنیا میں 100ویں نمبر پر رکھا گیا ہے، جبکہ پاکستانی شہری 30 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس دنیا بھر کے 199 پاسپورٹس کا 227 سفری مقامات تک رسائی کی بنیاد پر جائزہ لیتا ہے، جس میں پاسپورٹ کا اسکور اس بات پر دیا جاتا ہے کہ اس کے حامل افراد کتنے ممالک میں بغیر ویزا سفر کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ میں بہتری، 100 بہترین پاسپورٹس میں شامل
گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستانی پاسپورٹ مسلسل کمزور ترین پاسپورٹس میں شمار ہوتا رہا ہے، تاہم 2021 کے بعد سے اس کی پوزیشن میں بتدریج بہتری دیکھی گئی۔
رواں سال جنوری میں پاکستان کی درجہ بندی 103ویں سے بہتر ہوکر 98ویں نمبر پر آگئی تھی، تاہم تازہ ترین مئی 2026 کی رینکنگ میں پاکستان 100ویں نمبر پر چلا گیا۔
Pakistan’s passport ranking slips to 100th in the May 2026 Henley Index, as access falls to 30 destinations despite ongoing visa-free, VOA and ETA travel options.https://t.co/LvV7w7jrPG pic.twitter.com/clknM3tQ0D
— Gulf News (@gulf_news) May 12, 2026
موجودہ فہرست میں صرف عراق، شام اور افغانستان کے پاسپورٹس پاکستان سے کمزور قرار دیے گئے ہیں۔
فروری 2026 میں پاکستانی شہریوں کو 32 ممالک تک رسائی حاصل تھی، جو جنوری کے 31 ممالک کے مقابلے میں ایک زیادہ تھی۔
مزید پڑھیں: پاسپورٹ میں تبدیلی سے متعلق افواہوں پر محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے خاموشی توڑ دی
اس اضافے کی وجہ گیمبیا کی جانب سے سفری سہولت کی بحالی تھی، تاہم مئی کی تازہ فہرست میں یہ تعداد کم ہوکر 30 رہ گئی، جو عالمی ویزا پالیسیوں اور دوطرفہ سفری معاہدوں میں تبدیلیوں کی عکاسی کرتی ہے۔
عالمی فہرست میں ایشیائی ممالک بدستور نمایاں رہے۔ سنگاپور نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ جنوبی کوریا، جاپان اور متحدہ عرب امارات مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہے۔
مزید پڑھیں: 4 روزہ تعطل کے بعد پاکستانی پاسپورٹ سروسز دنیا بھر میں بحال
یورپی ممالک میں سوئیڈن تیسرے نمبر پر آکر سب سے اعلیٰ درجہ حاصل کرنے والا ملک بن گیا، جبکہ فرانس، اٹلی، جرمنی اور نیدرلینڈز سمیت ایک درجن یورپی ممالک چوتھی پوزیشن پر مشترکہ طور پر موجود ہیں۔
دوسری جانب امریکی پاسپورٹ 10ویں نمبر پر رہا، جبکہ انڈیا کا پاسپورٹ رواں سال 75ویں سے تنزلی کے بعد 78ویں نمبر پر آگیا ہے۔













