ہدایتکار و اداکار شان شاہد کی آنے والی فلم ’سائیکو‘ کا سنسنی خیز ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ فلم عیدالاضحیٰ کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
فلم ’سائیکو‘ کی شاندار تقریبِ رونمائی کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں فلم کی مرکزی کاسٹ شان شاہد، میرا، صنم حسین اور شبیر جان سمیت دیگر فنکاروں نے شرکت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شان شاہد نے کہا کہ جب بھی وہ کراچی آتے ہیں تو انہیں یہ احساس ہوتا ہے کہ شہر میں بہت کچھ رونما ہونے والا ہے۔ انہوں نے کراچی کی فلم، ڈرامہ اور ادب کے حوالے سے اہمیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ شہر ہمیشہ سے تخلیقی کام کو سب سے پہلے تسلیم اور پذیرائی دیتا ہے اور ملک بھر سے لوگ یہاں کام کے لیے آتے ہیں۔
فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے شان شاہد نے کہا کہ ایک فنکار جب ارتقائی مرحلے سے گزرتا ہے تو وہ اپنے فن کو نئے انداز میں آزمانا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق ’ہم ایک روایتی رومانوی فلم بھی بنا سکتے تھے لیکن اچھے فنکار اپنے دائرۂ کار سے باہر نکل کر خود کو چیلنج کرتے ہیں۔ اسکرین ایک بڑا میڈیم ہے جس میں وسیع امکانات موجود ہیں‘۔ انہوں نے فلم کے پروڈیوسر سلمان بٹ، کاسٹ اور پوری ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اداکارہ میرا نے ہدایتکار شان شاہد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک جذباتی اور خوشی کا موقع ہے۔ ان کے مطابق ’ہم نے ایک خواب دیکھا تھا جو آج حقیقت بن گیا ہے۔ یہ فلم مکمل طور پر شان شاہد کا آئیڈیا ہے۔ میں ان سے بہت محبت کرتی ہوں اور انہوں نے پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے ایک شاندار فلم بنائی ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: ’کیا سوال پوچھنا جرم ہے؟‘، اداکارہ میرا سے انٹرویو کے بعد ہونے والی تنقید پر ارشاد بھٹی نے خاموشی توڑ دی
سینئر اداکار شبیر جان نے تقریب میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 40 سال سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔ ان کے مطابق انہیں اکثر یہ مشورہ دیا جاتا تھا کہ وہ ٹی وی تک محدود نہ رہیں اور فلموں میں بھی کام کریں تاہم اس وقت انہیں سنجیدہ فلمی پیشکشیں کم ملیں۔
انہوں نے کہا ’چیزیں اپنے وقت پر ہی ہوتی ہیں۔ مجھے فلم سائیکو میں مختصر کردار کے لیے بلایا گیا تھا جو دو دن میں مکمل ہونا تھا تاہم بعد ازاں یہ کردار آٹھ دن تک بڑھا دیا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہدایتکار نے میرے کام کو سراہا‘۔













