کولمبیا میں طیارہ حادثے کے 40 دن بعد ایمازون کے گھنے جنگل سے 4 گمشدہ بچوں کو زندہ حالت میں ڈھونڈ نکالا گیا ہے۔ طیارہ حادثے میں زندہ بچ جانیوالے ان بچوں کی عمریں ایک سے 13 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق کولمبیا کے صدر گسٹاوو پیٹرو نے کہا کہ کولمبیا کے جنگل میں ایک طیارہ حادثے کا شکار ہوا جس میں 7 افراد سوار تھے، تاہم چار بچے جو زندہ بچ گئے تھے انکو تلاش کر لیا گیا ہے۔
’کولمبیا کی ریاست کیکیٹا اور غواویارے کے درمیان سرحد کے قریب یہ حادثہ پیش آیا، 40 دن کی تگ و دو کے بعد جمعہ کے روز مقامی کمیونٹی کے بچوں کو فوج نے ریسکیو کیا۔‘
رپورٹ کے مطابق یکم مئی کے روز ایک چھوٹا سیسنا 206 طیارہ شہر سان ہوزے دے غواویارے کے قریب 7 افراد کو لے کر جا رہا تھا کہ اچانک انجن کی خرابی کے باعث حادثےسے دوچار ہوگیا۔
حادثے کے نتیجے میں پائلٹ سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے جن کی لاشیں طیارے کے اندر سے مل گئیں جبکہ 4 بچے لاپتہ ہوگئے تھے جن کو 40 دن کی تلاش کے بعد زندہ برآمد کر لیا گیا ہے۔
کولمبیا کے صدر پیٹرو نے جنگل میں موجود فوجیوں کے ہمراہ بچوں کی تصویریں ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کے دوران گم ہونے والے چار بچوں کا مل جانا پورے ملک کے لیے خوشی کا باعث ہے۔
¡Una alegría para todo el país! Aparecieron con vida los 4 niños que estaban perdidos hace 40 días en la selva colombiana. pic.twitter.com/cvADdLbCpm
— Gustavo Petro (@petrogustavo) June 9, 2023
صرر گستاوو پیٹرو نے مزید کہا کہ بچے 40 دن تک ایک ساتھ رہے، انہوں نے اپنا دفاع خود کیا لیکن خوراک نہ ملنے کے باعث بچے کمزور پڑ گئے تھے تاہم ہسپتال میں انکی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے مزید بتایا کہ 40 دن تک بچوں نے زندہ رہنے کے لیے پھل کھائے اور جھاڑیوں کے اندر پناہ اختیار کر لی تھی۔
’سراغ رساں کتوں نے ضائع شدہ پھلوں کی مدد سے فوجیوں کو بچوں تک پہنچنے میں مدد دی۔ امدادی کارروائیوں میں کولمبیا کی فوج اور فضائیہ کے طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے بھی حصہ لیا۔‘
رپورٹ کے مطابق ایمازون جنگل کے آس پاس رہنے والے لوگوں نے بچوں کا مل جانا ایک ایک معجزہ قرار دیا ہے، کیونکہ زیادہ تر لوگ بچوں کے زندہ ملنے کی امید کھو چکے تھے۔