وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت، سعودی کمپنیاں متعدد بڑے منصوبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے تیار

جمعہ 5 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم  شہباز شریف سے سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین ہز ہائینس شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اعلیٰ اختیاراتی سعودی تجارتی وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں اہم ملاقات کی ہے، جس میں دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اس اعلیٰ سطح کی بیٹھک میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین، وزیر مواصلات علیم خان، وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر آئی ٹی محترمہ شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاونین خصوصی طارق فاطمی، ہارون اختر خان اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری کے لیے ہمیشہ ساتھ کھڑا رہے گا، پاکستانی سفیر احمد فاروق

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سعودی وفد کا پاکستان میں پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کی شکل دینے کا خواہاں ہے۔

 انہوں نے اکتوبر 2025 میں ہز ہائینس شہزادہ منصور اور سعودی تجارتی وفد کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ موجودہ دورہ دونوں فریقین کو مختلف شعبوں میں بات چیت بڑھانے اور مفاہمت کی یادداشتوں سمیت متعدد اہم معاہدوں پر دستخط کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

 وزیراعظم نے اس موقع پر خادمین حرمین شریفین ہز میجیسٹی کنگ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

عزت مآب شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے پرتپاک استقبال اور بہترین مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور سعودی حکومت کے ساتھ ساتھ کاروباری برادری کی جانب سے پاکستان کے ساتھ متعدد شعبوں میں کاروباری روابط کو بڑھانے کی شدید خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان میں بندرگاہوں، شاہراہوں، ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ، توانائی، بجلی کی تقسیم اور آئی ٹی سیکٹر وغیرہ سے متعلق اہم منصوبوں میں سرمایہ کاری میں سعودی عرب کی گہری دلچسپی سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی سفیر کی سعودی عرب میں اپنے شہریوں کو سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کی ہدایت

وزیراعظم نے ایسے متنوع شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا اور یہ تجویز بھی پیش کی کہ زراعت اور غذائی تحفظ ایک اور اہم ترین ترجیحی شعبہ ہو سکتا ہے جس میں دونوں ممالک باہمی طور پر فائدہ مند مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔

 واضح رہے کہ سعودی تجارتی وفد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن کے مطابق پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے اپنے اس دورے کے دوران اہم سرکاری اور نجی شعبے کے شراکت داروں سے مزید تفصیلی ملاقاتیں بھی کرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

فاطمہ ثنا کی عالمی کرکٹ میں دھوم، کینیڈا سپر 60 کی فرنچائز سے معاہدہ

ماہرین آثارِ قدیمہ کا موئن جو دڑو میں نئی تحقیق اور شہر کی فصیل کی نقل تعمیر کرنے کا مطالبہ

ورلڈ کپ کے اہم معرکے سے قبل قومی ہاکی ٹیم کی قیادت میں بڑی تبدیلی، عماد شکیل بٹ کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا

بی جے پی رہنما کی بیٹی نے بھارتی نوجوانوں کے احتجاج کی حمایت کی وجہ بتا دی

دوران سفر متلی کی شکایت: ازالے کے لیے آئی فون کی ایک خفیہ سیٹنگ استعمال کرکے دیکھیں

ویڈیو

جسٹن گریوز نے ٹیسٹ کرکٹ میں منفرد عالمی ریکارڈ قائم کرلیا، ’سہولت کار‘ پاکستان ٹیم

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن پھر آمنے سامنے، آخر اس لڑائی کی وجہ کیا ہے؟

اسحاق ڈار اور کویتی وزیر خارجہ کے درمیان اہم ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

کالم / تجزیہ

ایک اور میچ، ایک اور شکست، اب تو عادت سی ہے ہم کو!

اے ٹی ایم مشین 

28 جولائی 2010: وہ دن جب میرے قدموں تلے زمین نکل گئی