ایرانی نژاد فرانسیسی مصنفہ مرجان ساتراپی چل بسیں، ایمانوئیل میکرون کا خراج عقیدت

جمعہ 5 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایرانی نژاد فرانسیسی مصنفہ، مصورہ، فلم ساز اور سماجی کارکن مارجان ساتراپی 56 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔

پیرس کے صدارتی محل نے ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی شہرۂ آفاق گرافک ناول سیریز پرسیپولس کے ذریعے دنیا بھر کے قارئین کو متاثر کیا اور آزادی، انسانیت اوراظہارِ رائے کے عالمگیر پیغام کو فروغ دیا۔

مرجان ساتراپی کی شہرت کا سب سے بڑا ذریعہ پرسیپولس ہے، جو پہلی مرتبہ 2000 میں شائع ہوئی۔

یہ دراصل ان کی خودنوشت پر مبنی گرافک کہانی ہے جس میں انہوں نے 1979 کے ایرانی انقلاب کے دوران تہران میں گزرنے والے اپنے بچپن اور نوجوانی کے تجربات بیان کیے۔

اس کتاب نے مغربی دنیا کو ایرانی عوام کی روزمرہ زندگی، مشکلات اور جذبات کو سمجھنے کا نیا زاویہ فراہم کیا۔

2008 میں پرسیپولس پر بننے والی اینی میٹڈ فلم، جس کی مشترکہ ہدایت کاری خود ساتراپی نے کی تھی، آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئی جبکہ 2007 کے کانز فلم فیسٹیول میں جیوری پرائز بھی حاصل کیا۔

فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک ایرانی بچی کی زندگی کو ایسی عالمی داستان میں تبدیل کر دیا جس سے دنیا بھر کے لوگ خود کو جوڑ سکے۔

فرانسیسی پارلیمنٹ کی صدر ییل بران پیوے نے بھی انہیں ‘آزادی کی علمبردار عظیم فنکارہ’  قرار دیا۔

 مرجان ساتراپی ایران کی حکومت کی سخت ناقد تھیں اور خواتین کے حقوق کی بھرپور حمایت کرتی تھیں۔

انہوں نے 2022 میں مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والی احتجاجی تحریک کی حمایت کی اور ‘وومن، لائف، فریڈم’ کے عنوان سے ایک گرافک مجموعہ بھی شائع کیا۔

وہ متعدد مواقع پر کہہ چکی تھیں کہ فن اور ثقافت کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق مرجان ستراپی اپنے شوہر، سویڈش پروڈیوسر میٹیاس ریپا کی گزشتہ سال وفات کے بعد شدید غمزدہ رہنے لگی تھیں۔

ان کی وفات کے ساتھ ادب، فلم اور انسانی حقوق کے شعبے سے وابستہ ایک توانا اور بے باک آواز خاموش ہو گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp