بھارت کو عبرتناک شکست، آسٹریلیا نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اپنے نام کر لی

اتوار 11 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اپنے نام کر لی، چیمپئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو 209 رنز سے شکست دے دی، بھارتی ٹیم 444 رنز کے تعقب میں صرف 234 رنز بنا سکی۔

انگلینڈ کے گراؤنڈ اوول میں کھیلے جانے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے آخری روز بھارتی بلے باز آسٹریلین باؤلرز کے آگے ٹک نا سکے، 7 وکٹوں کے ساتھ 280 رنز کا ہدف بھارت کے لیے پہاڑ ثابت ہوا۔

 کھیل کے آخری روز ویرات کوہلی 5 رنز جبکہ اجنکیا ریحانے صرف 26 رنز بنا سکے، مجموعی طور پر ویرات کوہلی 49 رنز اور اجنکیا ریحانے 46 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

روندرا جدیجہ اور شردل ٹھاکر بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے، سریکار بھارت 23 رنز بنا پائے، اومیش راول اور محمد سراج ایک ایک رنز اسکور کرکے پویلین واپس لوٹ گئے، محمد شامی 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پیٹ کمنز نے ایک، اسکاٹ بولینڈ نے 3، مچل اسٹارک نے 2 اور نیتھن لیون نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل کھیل کے چوتھے روز بھارت نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے تھے۔

انگلینڈ کے تاریخی اوول کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں 8 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد 270 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کرتے ہوئے بھارت کو جیت کے لیے 444 رنز کا ہدف دیا تھا۔

بھارتی اوپنرز روہت شرما اور شبمن گل نے دوسری اننگز کا آغاز کرتے ہوئے ہدف کے تعاقب میں 41 رنز کی شراکت داری قائم کی، بھارتی بلے باز شبمن گل برق رفتار 18 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تھے۔

تیسرے نمبر پر آنے والے بیٹرچتیشور پجارا 27 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، بھارتی کپتان روہت شرما بھی زیادہ دیر کریز پر ٹک نہ سکے اور 43 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔

فائنل کے چوتھے روز کے اختتام پر ویرات کوہلی 44 اور اجنکیا رہانے 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز، اسکاٹ بولینڈ اور نیتھن لیون نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 270 رنز پر ڈیکلیئرکی، الیکس کیرے 66 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ مچل اسٹارک اور مارنوس لبوشین نے41، 41 رنز بنائے۔

دوسری اننگز میں اسٹیو اسمتھ 34، کیمرون گرین 25 اور عثمان خواجہ 13 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تھے۔

بھارتی کی جانب سے رویندرا جدیجا نے 3، جب کہ محمد شامی اور امیش یادیو نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

واضح رہے بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 469 رنز کے تعاقب میں 296 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp