بھارت کی پاکستان کے ساتھ ورلڈ کپ کا پہلا میچ احمد آباد میں کھیلنے کی تجویز

پیر 12 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ورلڈ کپ 2023 کا پہلا میچ احمد آباد میں کھیلنے کی تجویز پیش کر دی، بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو ورلڈ کپ شیڈول شیئر کر دیا جس کے مطابق پاکستان اور بھارت کا پہلا میچ احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

ای ایس پی این اسپورٹس کے مطابق بھارت نے 15 اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ بھارت کا میچ ملک کے سب سے بڑے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلنے کی تجویز پیش کی ہے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ میں شامل تمام ملکوں کو شیڈول شیئر کرے گا جس کے بعد باقاعدہ طور پر شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔

 16 سال بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا ٹاکرا احمد آباد کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے کا امکان ہے، ابتدائی شیڈول کے مطابق 15 اکتوبر کو احمد آباد کرکٹ گراؤنڈ میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی، اس کے علاوہ اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں تو 19 نومبر کو اسی گراؤنڈ میں ایک بار پھر آمنا سامنا ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر احمد آباد میں کھیلنے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا تاہم نجم سیٹھی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگربھارت کی جانب سے ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ ماڈل تسلیم کیا گیا تو پاکستانی ٹیم ورلڈ کھیلنے بھارت جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل کے مطابق ایشیا کپ کے پہلے مرحلے میں گروپ کے ابتدائی چار میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد کا مرحلہ، جس میں بھارت اور ایشیا کپ کا فائنل شامل ہے سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی نے آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل کو پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا کہ اگر بھارت کرکٹ بورڈ نے پاکستان کا ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کیا تو پاکستان ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کر دے گا، جس پر آئی سی کے آفیشلز نے پاکستان کا دورہ کیا اور تحفظات دور ہونے کے بعد بھارت نے پاکستان کا ہائبرڈ ماڈل ورلڈ کپ کے لیے بھارت آنے کی یقین دہانی پر قبول کر لیا۔

بھارت کی جانب سے آئی سی سی کو بھیجے گئے ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کا پہلا میچ احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ گراؤنڈ میں 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، تاہم یہ میچ اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ 2016 کے بعد پہلی بار دونوں روایتی حریف بھارتی سرزمین پر آمنے سامنے ہوں گے۔

احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم دنیا کے بڑے گراؤنڈز میں شمار ہوتا ہے اس میں ایک لاکھ سے زائد لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے یہی وجہ ہے کہ بھارت کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس ہائی ولٹیج ٹاکرے کے لیے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم کو چنا ہے۔

واضح رہے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے اس ہائی پروفائل میچ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، جو دونوں کرکٹ ممالک کے درمیان کرکٹ کی دنیا کا سب سے سنسنی خیز مقابلہ مانا جاتا ہے۔

یاد رہے ورلڈ کپ میں پاکستان کے زیادہ تر میچز حیدر آباد اور چنائے میں کھیلے جائیں گے۔

علاوہ ازیں آئی سی سی کو بھیجے گئے شیڈول کے مطابق 5 اکتوبر کو ورلڈکپ کا افتتاحی میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا، پاکستان کے ابتدائی 2 میچ کوالیفائر ٹیموں کے ساتھ 6 اور 12 اکتوبر کو حیدرآباد دکن میں ہونگے۔

اس کے علاوہ پاکستان 20 اکتوبرکو آسٹریلیا سے بنگلور میں میچ کھیلے گا جبکہ پاکستان کا افغانستان سے میچ 23 اکتوبر کو چنائے میں شیڈول ہے۔

شیڈول کے مطابق پاکستان کا بنگلادیش سے31 اکتوبر کو کولکتہ، نیوزی لینڈ سے5 نومبر کو بنگلور میں میچ ہوگا، پاکستان کا آخری میچ انگلینڈ سے 12 نومبر کو کولکتہ میں شیڈول ہے۔

میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 15 نومبر جبکہ دوسرا 16 نومبر کو شیڈول ہے، ٹورنامنٹ کا فائنل 19 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp