ورلڈ کپ: پی سی بی ٹیم بھارت بھیجنے پر رضا مند، احمد آباد میں میچ سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط

پیر 12 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انڈین کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ 2023 کے لیے مجوزہ شیڈول انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھیج دیا ہے، جس کے مطابق پاکستان لیگ سٹیج کے 9 میچز 5 مقامات پر کھیلے گی۔ مجوزہ شیڈول کے مطابق پاکستان روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کا ہائبرڈ ماڈل قبول کرنے کی صورت میں پاکستان ٹیم کی ورلڈ کپ کھیلنے بھارت جائے گی تاہم احمد آباد میں میچ کھیلنے پر تاحال تحفظات موجود ہیں۔

ذرائع نے وی نیوز کو بتایا کہ ’ایشیا کپ کے لیے پی سی بی کا تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل قبول ہونے کی صورت میں پاکستان ٹیم کے ورلڈکپ میں بھارت میں میچز کھیلنے کی یقین دہانی کروادی گئی ہے تاہم احمد آباد میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ پر تاحال سیکیورٹی تحفظات موجود ہیں۔‘

مزید پڑھیں

ذرائع کا کہنا ہے کہ ’ٹیم پاکستان احمد آباد میں میچ کھیلے گی یا نہیں یہ سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہے اور اس کا فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی۔‘

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ پاکستان سے منتقل ہونے کی صورت میں بھارت میں شیڈول ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے کی دھمکی دی تھی۔

تاہم ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ہائبرڈ ماڈل تجویز کیا ہے جس کے مطابق ایشیا کپ کے ابتدائی 4سے 5میچز لاہور اور بقیہ میچز سری لنکا میں کروانے کی تجویز دی گئی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل کی بھی بھارتی کرکٹ بورڈ نے شدید مخالفت کی تاہم انٹرنشینل کرکٹ بورڈ کے وفد نے دورہ پاکستان کے دوران پی سی بی نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔

ورلڈکپ کا مجوزہ شیڈول

کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق پاکستان کی ٹیم ابتدائی 2میچز کوالیفائنگ ٹیم کے خلاف حیدر آباد میں 6 اور 12 اکتوبر کو کھیلے گی جبکہ دونوں روایتی حریف 15 اکتوبر کو احمد آباد میں آمنے سامنے ہوں گے۔ اس کے بعد پاکستان 20 اکتوبر کو بنگلور میں آسٹریلیا سے ٹکرائے گا جبکہ افغانستان کے خلاف 23 اکتوبر کو چنائے میں میدان سجے گا۔

مجوزہ شیڈول کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ 31 اکتوبر کو کلکتہ میں کھیلا جائے گا جس کے بعد پاکستانی ٹیم دوبارہ بنگلور پہنچے گی جہاں نیوزی لینڈ کے خلاف 5 نومبر کو میچ کھیلا جائے گا۔ پاکستان لیگ سٹیج کا آخری میچ کھیلنے دوبارہ کلکتہ جائے گی جہاں انگلینڈ کے خلاف ایڈن گارڈن میں 12 نومبر کو میچ شیڈول ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp