اطالوی سیاست کے ’کنگ میکر‘ سلویو برلسکونی انتقال کر گئے

پیر 12 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اطالوی سیاست میں ’کنگ میکر‘ سمجھے جانے والے سابق وزیراعظم سلویو برلسکونی 86 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ اٹلی کی تاریخ میں وزیراعظم کےعہدے پر سب سے زیادہ مدت تک رہنے والے پہلے سیاستدان تھے۔

اٹلی کے شہر میلان میں 29 ستمبر 1936 کو پیدا ہونے والے ارب پتی سلویو برلسکونی نے اٹلی کے سیاسی منظر نامے کو تبدیل کر کے رکھ دیا۔ تاہم اس دوران انہیں متعدد قانونی اور جنسی اسکینڈلز کا بھی سامنا رہا۔ سلویو برلسکونی اٹلی کی سب سے بڑی میڈیا کمپنی کے بھی مالک رہے ہیں۔

وہ حالیہ چند مہینوں سے خرابی صحت کے باعث اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ انہیں 2020 میں پہلی بار کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جسے وہ اکثراپنی زندگی کی سب سے مشکل آزمائش قرار دیتے تھے۔

رواں سال اپریل میں ڈاکٹروں نے انکشاف کیا کہ وہ لیوکیمیا اور پھیپھڑوں کے انفیکشن میں مبتلا ہیں اورصحت کی انتہائی خراب صورت حال سے دوچار ہیں۔ سلویو برلسکونی کو گزشتہ جمعہ کو میلان کے ایک اسپتال میں مزید ٹیسٹ اور علاج کے لیے داخل کرایا گیا تھا ۔

برلسکونی کی موت اٹلی کی سیاسی تاریخ میں ایک ‘بڑا خلا’ چھوڑ گئی:گیڈو کروسیٹو

 برلسکونی کی موت کے بعد اطالوی وزیردفاع گیڈو کروسیٹو نے ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں افسوس کے اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برلسکونی کی موت اٹلی کی سیاسی تاریخ میں ایک ‘بڑا خلا’ چھوڑ گئی ہے کیونکہ وہ ایک عظیم انسان تھے۔ ‘میں ان سے بہت پیار کرتا تھا، الوداح سلویو۔‘

برلسکونی کی ’فورزا اٹالیا‘ پارٹی موجودہ وزیراعظم اور انتہائی دائیں بازو کی رہنما جارجیامیلونی کے ساتھ اتحادی ہے۔

سلویو برلسکونی کی سوانح عمری ’ مائی وے‘  لکھنے والے ایلن فریڈمین نے بتایا کہ آنجہانی سابق وزیراعظم سلویو برلسکونی اطالوی تاریخ میں ایک بہت ہی تاریخی شخصیت تھے۔

انہوں نے کہا کہ برلسکونی اگرچہ ایک متنازع شخصیت ضرور تھے لیکن وہ اٹلی میں نوے کی دہائی کے بعد بہت مشہور ہوئے۔ ان کا کہنا ہے کہ اٹلی کے عوام انہیں بہت پسند کرتے تھے۔

پیر کو سلویو برلسکونی کی طبعیت اچانگ بہت زیادہ بگڑ گئی اور ان کے قریبی رشتہ داروں کو بھی فوری بلایا گیا اور پھر کچھ ہی دیر بعد اسپتال نے ایک بیان جاری کیا کہ برلسکونی لیوکیمیا کی بیماری سے لڑتے لڑتے آج انتقال کر گئے ہیں۔

سلویو برلسکونی کو اٹلی کی سیاست میں کنگ میکر سمجھا جاتا تھا۔ ان کی پارٹی میلونی کی قیادت میں اب بھی اقتدار میں ہے۔ سلویو برلسکونی ایک ایسی شخصیت تھے جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے اطالوی سیاست پر بہت گہرے اثرات چھوڑے ہیں۔ وہ اٹلی کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک رہنے والے وزیراعظم تھے۔

سلویو برلسکونی کے اسکینڈلز کے سال

سلویو برلسکونی کی عمر جوں جوں بڑھتی گئی ان کے خلاف اسکینڈلز بھی بنتے گئے، سلویو برلسکونی اس وقت متنازع بن گئے جب انہوں نے ہیئر ٹرانسپلانٹ کرایا اور ان کی ایک گرل فرینڈز جو ان سے عمر میں کئی سال چھوٹی تھی کے ساتھ معاشقے کے چرچے ہونے لگے۔ اسی دوران ان پر فوجداری مقدمات بھی شروع کیے گئے۔

سلویو برلسکون پر اپنی عمر سے کم گرل فرینڈز رکھنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے

سلویو برلسکونی کے کاروبارمیں فٹ بال ٹیم، اے سی میلان، ملک کے تین بڑے نجی ٹی وی نیٹ ورکس، میگزین، ایک روزنامہ، اشتہاری اور فلمی کمپنیاں شامل تھی۔

سلویو برلسکونی کو 76 سال کی عمر میں جیل بھیجا گیا

فوجداری مقدمات میں سلویو برلسکونی کو 76 سال کی عمر میں جیل بھی بھیجا گیا اور اسے الزائمر کے مریضوں کی مدد کرنے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔ ان سے سینیٹ کی نشست بھی چھین لی گئی اور انسداد بدعنوانی کے قوانین کے تحت 6 سال تک کسی عوامی عہدے کو چلانے یا اپنے پاس رکھنے پربھی پابندی عائد کر دی گئی۔

سلویو برلسکونی نے 1990 کی دہائی میں سیاست شروع کی اور دائیں بازو کی پارٹی ’فورزا اٹالیا‘  کے سربراہ بن گئے۔ تاہم بعد میں ان کا کوئی جانشین نظر نہ آنے پر ووٹرز نے ان کی پارٹی کو چھوڑنا شروع کردیا۔ پھرمیلونی کی برادرز آف اٹلی پارٹی نے 2022 کے انتخابات کے میں ان کی مدد سے ایک حکومتی اتحاد تشکیل دیا اور انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp