خیبر پختونخوا میں منگل سے تیز ہواؤں اور بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے حساس اضلاع کے کاشتکاروں کے لیے ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈی جی ’پی ڈی ایم اے‘ نے خیبر پختونخوا کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں اور ژالہ باری کے پیش نظر پیشگی اقدامات اٹھائے جائیں۔ جن علاقوں میں کسی بھی نقصان کا خطرہ ہے وہاں پر چھوٹی اور بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
’پی ڈی ایم اے‘ نے ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کسان پیشن گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سرگرمیوں کےلیے مناسب انتظام کریں۔ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے فصلوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں
’پی ڈی ایم اے‘ نے ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ برساتی نالوں کی نگرانی کی جائے، حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی کمیونٹیز کو ایڈوائزری کی ترسیل یقینی بنائیں۔ پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں۔ کھڑی فصلوں اور مویشیوں پر پڑنے والے منفی اثرات سے آگاہی کو یقینی بنایا جائے۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں۔ سڑک کی بندش سے بچنے کے لیے ٹریفک کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جائیں۔ انتظامیہ اسپیل کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کرے۔
’پی ڈی ایم اے‘ نے کہا ہے کہ حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔ متعلقہ حکام بوقت ضرورت لوگوں کومحفوظ انتظار گاہوں میں منتقل کریں۔ اسپیل کے دوران درجہ حرارت قدرے کم ہونے کا امکان ہے۔ ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
عوام کو بارش میں بجلی کی تاروں، سائن بورڈز سے دور رہنے کی ہدایت
یہ بھی کہا گیا ہے کہ طوفان کی صورت عوام بجلی کی تاروں، کمزور تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔ طبی عملے اور ادویات سمیت بنیادی اشیا کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ سیاحوں کو بھی موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے۔ سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ ’پی ڈی ایم اے‘، پی ای او سی کو صورتحال کے بارے میں بروقت آگاہ کیا جائے۔ بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے 18 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ڈی جی ’پی ڈی ایم اے‘ کے مطابق ایمرجینسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام معلومات اور رہنمائی کے لیے ہماری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔
واضح رہے کہ ہفتہ 10 جون کی رات کو بھی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 27 افراد جاں بحق جبکہ 150 کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔