فیس بک نے مونیٹائزیشن مزید آسان بنا دی، پاکستانی کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے ڈالرز میں کمائی کے نئے مواقع

ہفتہ 20 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے اپنے مونیٹائزیشن نظام میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے آمدنی حاصل کرنے کا عمل مزید آسان بنانے کی جانب ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ اس نئی پیشرفت کے بعد پاکستان سمیت مختلف ممالک کے صارفین کے لیے فیس بک سے ڈالرز میں کمائی کے امکانات مزید روشن ہوگئے ہیں۔

فیس بک دنیا کے سب سے زیادہ استعمال ہونے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں شامل ہے، جہاں صارفین تفریح اور معلومات کے ساتھ ساتھ اسے باقاعدہ ذریعہ معاش کے طور پر بھی استعمال کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: فری لانسرز کی کمائی کی وطن منتقلی میں حائل رکاوٹیں، پاکستان کو لاکھوں ڈالرز کا نقصان

متعدد کانٹینٹ کریئیٹرز، وی لاگرز اور فری لانسرز فیس بک کے مختلف مونیٹائزیشن پروگرامز کے ذریعے ہر ماہ نمایاں آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔

پرانا نظام نئے کریئیٹرز کے لیے مشکل تھا

اس سے قبل فیس بک پر مونیٹائزیشن حاصل کرنے کے لیے کئی سخت شرائط پوری کرنا ضروری تھیں۔ عام طور پر 10 ہزار فالوورز، لاکھوں منٹس کا واچ ٹائم اور دیگر اہداف پورے کرنا لازم ہوتا تھا، جس کے باعث نئے یا چھوٹے کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے اس پروگرام تک رسائی ایک بڑا چیلنج سمجھی جاتی تھی۔

نئی پالیسی میں 3 لاکھ ویوز کا ہدف

حالیہ اپڈیٹ کے تحت بعض فیس بک پیجز اور اکاؤنٹس کو مونیٹائزیشن ٹول تک رسائی کے لیے نسبتاً آسان معیار فراہم کیا جا رہا ہے۔ نئے معیار کے مطابق اگر کوئی پیج 28 دن کے دوران 3 لاکھ ویوز حاصل کر لیتا ہے تو اسے کانٹینٹ مونیٹائزیشن کے لیے اہل قرار دیا جا سکتا ہے۔

معیاری مواد سے ہدف حاصل کرنا ممکن

ڈیجیٹل میڈیا ماہرین کا کہنا ہے کہ 28 دن میں 3 لاکھ ویوز کا ہدف ماضی کی شرائط کے مقابلے میں کہیں زیادہ قابلِ حصول ہے، خاص طور پر ان کریئیٹرز کے لیے جو باقاعدگی سے ویڈیوز، ریلز اور دیگر دلچسپ مواد شیئر کرتے ہیں۔ ان کے مطابق مختصر دورانیے کی معیاری ویڈیوز کے ذریعے یہ ہدف نسبتاً کم وقت میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔

صرف ویوز کافی نہیں، پالیسیوں پر عمل بھی ضروری

ماہرین نے واضح کیا ہے کہ مونیٹائزیشن کے لیے صرف مطلوبہ ویوز حاصل کرنا کافی نہیں ہوگا بلکہ فیس بک کی کمیونٹی گائیڈ لائنز، کانٹینٹ پالیسیز اور مونیٹائزیشن سے متعلق تمام قوانین پر مکمل عملدرآمد بھی ضروری ہے۔ ان اصولوں کی خلاف ورزی کی صورت میں مونیٹائزیشن کی درخواست مسترد کی جا سکتی ہے یا اکاؤنٹ کی آمدنی محدود ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

مزید پڑھیں: سوشل میڈیا کی کمائی پر ٹیکس کی خبریں، یوٹیوبرز اور فری لانسرز کیا کہتے ہیں؟

سوشل میڈیا سے وابستہ افراد کے مطابق اگر یہ نیا معیار وسیع پیمانے پر نافذ کر دیا جاتا ہے تو پاکستان میں ہزاروں نئے کانٹینٹ کریئیٹرز اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے، جس سے آن لائن کمائی کے مواقع میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

یاد رہے کہ فیس بک پر مونیٹائزیشن کی اہلیت مختلف اکاؤنٹس، خطوں اور پروگرامز کے لحاظ سے مختلف ہو سکتی ہے، اس لیے صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنے پیج کے پروفیشنل ڈیش بورڈ یا مونیٹائزیشن سیکشن میں موجود شرائط کا بغور جائزہ ضرور لیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp