معروف رائیڈ ہیلنگ ایپ بائکیا کی ایپ استعمال کرنے والے پاکستانی صارفین کو منگل کی صبح اس وقت عجیب و غریب صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب انہیں نوٹیفیکیشن میں پاکستان کے لیے گالی موصول ہوئی۔
خلاف توقع صورتحال کا مشاہدہ کرنے والے متعدد صارفین نے معاملے پر اچنبھے کا اظہار کیا تو بائیکیا کو مینشن کر کے اس کی حقیقت جاننے کی کوشش کرتے رہے۔
کراچی میمن جیسے کچھ صارفین کو صورتحال میں غلطی کا شائبہ ہوا تو جاننا چاہا کہ یہ کیا ہو رہا ہے۔
نوٹیفیکیشن سامنے آنے کے بعد خاصی دیر تک بائیکیا کی جانب سے معاملے کی کوئی وضاحت سامنے نہیں آسکی۔
نوٹیفیکیشن کے انداز اور اس کی اسپیلنگ میں استعمال ہونے والے الفاظ کا ذکر کرنے والے صارفین نے دعوی کیا کہ یہ نوٹیفیکیشن کسی انڈین کی جانب سے بھیجا گیا لگتا ہے۔
سوشل ٹائم لائنز پر کیے جانے والے تبصروں میں مختلف افراد نے معاملے پر تعجب کا اظہار کیا تو طویل وقفہ گزرنے کے باوجود رائیڈ ہیلنگ کمپنی کی جانب سے کوئی وضاحت نہ دیے جانے کو بھی حیرت انگیز قرار دیا۔
پاکستان کے خلاف گالی پر مبنی نوٹیفیکیشن جاری ہونے کی خاصی دیر بعد تقریبا ڈیڑھ بجے بائکیا پاکستان نے اپنے پیغام میں معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے اس پر معذرت کی۔
بائکیا کی جانب سے اردو اور انگریزی میں دیے گئے پیغامات میں لکھا کہ ’اس بات کی تصدیق کی جاتی ہے کہ یہ واقعہ تھر پارٹی کمیونیکیشن ٹول کے سبب پیش آیا، یہ تکنیکی مسئلہ درست کر لیا گیا ہے۔‘
https://twitter.com/bykeapk/status/1668538211466100743
بائکیا کے مطابق ’اب ہماری ایپ کے استعمال کے لیے بالکل محفوظ ہے اور آپ ہمیشہ کی طرح بےفکری کے ساتھ بائیکیا ایپ استعمال کر سکتے ہیں۔‘