سیاست کو خیر باد کہنے کے بعد عثمان بزدار وادی زیارت میں کیا کررہے ہیں؟

منگل 13 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

9 مئی کے پر تشدد مظاہروں کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے قائدین اور ورکرز منظر عام سے غائب ہو گئے۔ ایسے میں ہر شخص کو یہ پریشانی لاحق تھی کہ عمران خان کے دل کے بالکل قریب رہنے والے سابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کہاں غائب ہیں؟

گرفتاری کے ڈر سے سیاسی وفاداری تبدیل کرنے کا وقت آیا تو تحریک انصاف کے اہم قائدین نے جماعت جبکہ کئی نے سیاست سے ہی کنارہ کشی اختیار کر لی۔ ایسے میں سردار عثمان بزدار کا سیاست چھوڑنے کا اعلان سب سے زیادہ حیران کن رہا۔

کوئٹہ پریس کلب میں عثمان بزدار کے داخلہ نے سب کو حیرت میں مبتلا کردیا۔ انہوں نے عملی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کیا اور اس کے بعد ایک بار پھر منظر عام سے غائب ہو گئے۔

ان دنوں سوشل میڈیا پر سردار عثمان بزدار کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں سردار عثمان بزدار بلوچستان کے پر فضا مقام وادی زیارت میں اپنے چند ساتھیوں کے ہمراہ نظر آرہے ہیں۔ ویڈیو میں سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو زیارت میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پکنک مناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

نہ صرف سردار عثمان بزدار نے پکنک منائی بلکہ خوب ٹک ٹاک ویڈیوز بھی بنائیں۔ ان ویڈیوز پر سوشل میڈیا صارفین شدید تنقید کرتے بھی دکھائی دیتے ہیں۔

ان ویڈیوز کے منظر عام پر آتے ہی کوئٹہ کے صحافتی حلقوں میں ایک نئی بحث چھڑ گئی۔ چند اہل قلم کے مطابق یہ ویڈیوز چند روز قبل کی ہیں جبکہ بعض کا خیال ہے یہ ویڈیوز پرانی ہیں۔ ذرائع، جن میں بعض پاکستان تحریک انصاف کے سابق کارکن بھی ہیں، کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی سردار عثمان بزدار کی ویڈیوز اس وقت کی ہیں جب وہ سیاست چھوڑنے کا اعلان کرنے کے لیے بلوچستان آئے تھے۔ اس سے چند روز قبل وہ اپنے ایک قریبی ساتھی جو زیارت کے رہائشی ہیں، کے گھر میں ٹھیرے ہوئے تھے، تاہم پریس کانفرنس کرنے کے بعد سردار عثمان بزدار ایک بار پھر منظر عام سے غائب ہو گئے۔ اب وہ کہاں ہیں؟ اس حوالے سے ٹھوس اطلاعات موجود نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp