وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر نے جی ایس پی پلس اسکیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں پاکستان اور یورپی یونین کی تجارت میں اضافہ ہوا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق بیلجیئم دورے کے دوران وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے برسلز میں یورپی یونین کے دو کمشنروں کے ساتھ تفصیلی ملاقاتیں کی ہیں۔ وزیر مملکت نے یورپی کمشنر برائے کرائسز مینجمنٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان میں یورپی یونین کی سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں سے متعلق بات چیت پر عمل کریں۔
وزیر مملکت خارجہ نے سیلاب کے بعد یورپی شہری تحفظ کے طریقہ کار کو فعال کرنے پر یورپی یونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا بحالی کے مرحلے کے بعد یورپی یونین نے پاکستانی سیلاب متاثرین کی فوری مدد کو ممکن بنایا تھا۔ فریقین نے آفات سے نمٹنے اور دوطرفہ صلاحیتوں کو بڑھانے کے مزید طریقوں پر بھی اتفاق کیا۔
یورپی کمشنر برائے داخلہ امور یلوا جوہانسن کے ساتھ اپنی ملاقات میں، وزیر مملکت نے حال ہی میں شروع کیے گئے مائیگریشن اینڈ موبلٹی ڈائیلاگ کے بہترین استعمال اور ہنر مند افراد کی قانونی نقل مکانی کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان یورپی یونین ریڈمیشن معاہدے پر عمل درآمد میں تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ یورپی یونین عالمی چیلنجز اور غیر روایتی سلامتی کے خطرات اور موسمیاتی تبدیلی، وبائی امراض، پانی، توانائی اور غذائی تحفظ سے نمٹنے میں قائدانہ کردار ادا کرے گا۔