ڈرامہ سیریلز ‘داستان’، ‘ہم سفر’ اور ‘زندگی گلزار ہے’ میں عمدہ کردار نگاری ہو یا ‘مولا جٹ’ اور ‘مس مارول’ جیسی فلموں میں جاندار اداکاری، نئی نسل میں مقبول مشہور و معروف اداکار فواد خان اپنی زنبیل میں بڑی اور چھوٹی سکرین پر چھا جانے کے تمام جوہر رکھتےہیں۔
مداحوں کو کبھی کبھار ہی ہاتھ آنے والے فواد خان وی نیوز کے نامہ نگار کے ہاتھ آئے اور نہ صرف اپنی آنے والی نئی فلم بلکہ اپنی ریٹارئرمنٹ کے بارے بھی بتایا۔
سینما اور فلم کو ٹی وی کی طرح مقبول ہونے میں کتنا وقت لگے گا؟
وی نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ میرا ماننا یہ ہے کہ شروع سے ہی ہمارا ہولڈ ٹیلی ویژن پر زیادہ رہا ہے۔ حالیہ رجحان کی بات کروں تو فلم انڈسٹری کا بحال ہونا ایک مثبت بات ہے لیکن اسے ابھر کر سامنے آنے میں ابھی کچھ سال اور لگیں گے۔کسی بھی چیز کی بحالی میں وقت درکار ہوتا ہے۔
کیا کورونا وباء کے بعد ہماری فلم انڈسٹری عروج کی طرف جارہی ہے؟
فواد خان کے مطابق پاکستانی فلم انڈسٹری بحالی کی طرف قدم بڑھا رہی ہے لیکن ان کا یہ بھی ماننا ہے کہ کورونا کے آنے سے کام کچھ حد تک مدھم ہوا، سنیما بند ہوگئے، فلم فالوورز میں کمی آئی، فلموں کا رجحان ایک بار پھر کم ہوا۔
انہوں نے فلم انڈسٹری کے فروغ پر بات کرتے ہوئے بنیادی سوال اٹھایا کہ آخر فلمیں دیکھی کتنی جاتی ہیں؟ کیونکہ کورونا وباء کے دوران ٹیلی ویژن اس حد تک دیکھا گیا کہ عادت میں شامل ہو گیا اور سنیما ایک بار پھر نظر انداز ہوگئے۔اب عادت بدلنے میں وقت تو لگتا ہے اس لیے آہستہ آہستہ بہتری آئے گی، ہمیں صبر سےکام لینا ہوگا۔
اب فواد خان کے مداح انہیں کس ڈرامہ یا فلم میں دیکھیں گے؟
فواد خان نے بتیا کہ مستقبل میں فلم ‘نیلوفر’ آرہی ہے جو اس سال کے آخر میں ریلیز کی جائے گی اس کے علاوہ میں نے او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے لیے بہت سارے شوز کیے جن میں سے ایک جلد آنے والا ہے۔
کیا دور حاضر کے مولا جٹ ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں؟
مولا جٹ کے ہیرو کہا کا کہنا تھا کہ کچھ کام چل رہے ہیں، ایک فلم شاید اس سال کے آخر میں آئے۔ اس کے بعد تھوڑا سا کام اور کروں گا اور پھر ریٹائرمنٹ لے لوں گا۔
لالی ووڈ، بالی ووڈ اور ہالی ووڈ میں اپنے کام اور اسٹائل کے لیے مشہور ادکار فواد خان عید کیسے مناتے ہیں؟
مجھے عیدی دینے والے تو اب نہیں ہیں، ہاں! عیدی لینے والے بہت ہیں۔ یہی کہا جاتا ہے کہ خود کماتے ہو تو لاؤ عیدی نکالو، چھوٹوں کی موجیں ہیں، وہ لیتے ہیں مجھ سے۔ میں عید پر پیسے کماتا ہوں، اب جو آپ کی ویڈیو دیکھے گا، اسے بھی یاد آجائے گا کہ مجھ سے عیدی لینی ہے۔