انویسٹ پاک پورٹل: 5 ہزار روپے کی انویسٹمنٹ کیسے کر سکتے ہیں، منافع کتنا ہوگا؟

جمعہ 10 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عام شہریوں، نوجوانوں، خواتین، اوورسیز پاکستانیوں اور کاروباری اداروں کے لیے ’انویسٹ پاک‘ کے نام سے ایک جدید ڈیجیٹل سرمایہ کاری پورٹل اور موبائل ایپلیکیشن کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’انویسٹ پاک‘ پورٹل کا افتتاح: پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، وزیر خزانہ

واضح رہے کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے اب صرف 5 ہزار روپے سے حکومتِ پاکستان کی سیکیورٹیز میں براہ راست سرمایہ کاری ممکن ہو گی۔

اس اقدام کا بنیادی مقصد عوام کے لیے حکومتی سیکیورٹیز تک رسائی کو آسان بنانا، مالیاتی شمولیت  کو فروغ دینا، سرمایہ کاری کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کرنا اور معیشت کو دستاویزی شکل دینا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ انویسٹ پاک ملک میں سرمایہ کاری کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ ان کے مطابق یہ پلیٹ فارم عام شہریوں کو محفوظ، شفاف اور آسان انداز میں حکومتی سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے گا جبکہ حکومت کے لیے سرمایہ کاری کے ذرائع بھی وسیع ہوں گے۔

انہوں نے زور دیا کہ اس سے بینکوں پر حکومت کے انحصار میں کمی آئے گی اور نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں اضافہ ہو گا۔

سرمایہ کاری کا طریقہ کار

اسٹیٹ بینک کے مطابق سرمایہ کار InvestPak ویب پورٹل (investpak.sbp.org.pk) یا اس کی موبائل ایپ کے ذریعے آسانی سے رجسٹریشن مکمل کر کے Investor Portfolio Securities (IPS) اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں۔

 شناختی تصدیق (e-KYC) کے بعد بینک اکاؤنٹ، Raast  یا دیگر منظور شدہ ڈیجیٹل ادائیگی کے ذرائع سے رقم منتقل کر کے ٹریژری بلز (T-Bills)، پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز (PIBs)، گورنمنٹ اجارہ سکوک اور دیگر دستیاب حکومتی سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری کی جا سکے گی۔

مزید پڑھیے: سلیکٹ یو ایس اے انویسٹمنٹ سمٹ میں پاکستان کی بھرپور شرکت، نیٹلی بیکر کا پاک امریکا معاشی تعاون کے فروغ پر زور

ریٹیل سرمایہ کار صرف 5 ہزار روپے سے آغاز کر سکتے ہیں جبکہ کارپوریٹ اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے لیے بھی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ پورا عمل آن لائن ہونے کی وجہ سے بینک برانچ کا چکر لگانے کی ضرورت تقریباً ختم ہو جائے گی اور سرمایہ کاری کا عمل گھر بیٹھے ممکن ہو گا۔

منافع کی شرح کتنی ہوگی؟

اسٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ انویسٹ پاک پر کوئی مقررہ یا گارنٹی شدہ منافع نہیں دیا جائے گا۔ سرمایہ کار کو حاصل ہونے والا ریٹرن اس سیکیورٹی کی مارکیٹ یِلڈ پر منحصر ہوگا جس میں وہ سرمایہ کاری کرے گا۔ ٹریژری بلز اور پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز کی نیلامیوں میں طے ہونے والی شرح سود اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی، مارکیٹ کے حالات اور معاشی اشاریوں کے مطابق تبدیل ہوتی رہتی ہے۔

 سرمایہ کار پورٹل پر دستیاب فنانشل کیلکولیٹر اور حقیقی وقت کی مارکیٹ معلومات سے اپنے ممکنہ منافع کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔

عام آدمی کو کیا فائدہ ہوگا؟

قائداعظم یونیورسٹی کے سکول آف اکنامکس کے پروفیسر ڈاکٹر انور شاہ کے مطابق اس پلیٹ فارم کا سب سے بڑا فائدہ محدود آمدنی والے افراد، نوجوانوں اور خواتین کے لیے حکومتی سیکیورٹیز میں براہ راست رسائی ہے۔

 ماضی میں یہ عمل پیچیدہ اور بینکوں یا بروکرز کے ذریعے ہوتا تھا، جس کی وجہ سے عام شہری دور رہتے تھے۔ اب صرف 5 ہزار روپے سے شروع کر کے بچت کو محفوظ اور منافع بخش سرمایہ کاری میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ آن لائن نظام کی بدولت شفافیت بڑھے گی، لاگت کم ہو گی اور سرمایہ کاری کا عمل تیز اور آسان ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ اوورسیز پاکستانی بھی آسانی سے حصہ لے سکیں گے۔

حکومت اور معیشت کو کیا فائدہ ہوگا؟

حکومت کے مطابق انویسٹ پاک کے ذریعے عوامی بچت کو باضابطہ مالیاتی نظام میں لایا جائے گا۔ اس سے نہ صرف حکومت کو کمرشل بینکوں پر انحصار کم کرنا پڑے گا بلکہ بینک نجی شعبے کو زیادہ فنڈز فراہم کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے ڈیجیٹل بینکاری نظام پر سرمایہ کاروں کا اعتماد مستحکم، 20 ملین ڈالر کی انویسٹمنٹ کا اعلان

معاشی ماہرین کا خیال ہے کہ اس اقدام سے گھریلو قرضوں کی مارکیٹ کو وسعت ملے گی، سرمایہ کاری کا کلچر فروغ پائے گا، معیشت دستاویزی ہو گی اور مجموعی طور پر مالیاتی استحکام میں اضافہ ہوگا۔

کیا اس میں کوئی خطرہ بھی ہے؟

ڈاکٹر انور شاہ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومتی سیکیورٹیز کو نسبتاً محفوظ سمجھا جاتا ہے کیونکہ ان کی ضمانت حکومتِ پاکستان دیتی ہے۔ تاہم سرمایہ کاروں کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ منافع مارکیٹ سے منسلک ہے۔

اگر مستقبل میں شرح سود میں کمی آئی تو نئی سرمایہ کاری پر ریٹرن بھی کم ہو سکتا ہے۔ اس لیے سرمایہ کاری سے پہلے سیکیورٹی کی مدت، شرائط، نیلامی کے نتائج اور مارکیٹ کے رجحانات کا بغور جائزہ لینا ضروری ہے۔ پورٹل پر دستیاب گائیڈ لائنز اور FAQ اس سلسلے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے: سعودی پاک انویسٹمنٹ کمپنی پاکستان میں سرمایہ کاری کیسے کر رہی ہے؟

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر انویسٹ پاک کو آسان، شفاف اور صارف دوست رکھا گیا اور اس کی مؤثر آگاہی مہم (پرنٹ، سوشل میڈیا اور ریڈیو کے ذریعے) چلائی گئی تو یہ پاکستان میں بچت اور سرمایہ کاری کے کلچر کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔ تاہم اس کی کامیابی کا انحصار عوامی اعتماد، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی مضبوطی، آسان رجسٹریشن، بروقت ادائیگیوں اور کال سنٹر کی کارکردگی پر ہوگا۔ اسٹیٹ بینک نے اس سلسلے میں ایک مخصوص کال سنٹر بھی قائم کر دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

رائٹرز کی مالک کمپنی نے عالمی پرنٹ کاروبار کے 51 فیصد حصص 50 کروڑ ڈالر میں فروخت کردیے

میٹا پر طبی مسائل کے شکار ملازمین کو برطرفیوں میں نشانہ بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت استعمال کرنے کا الزام

حکومت نے ہمیشہ مذاکرات کا راستہ اپنایا، تشدد ایکشن کمیٹی کی جانب سے کیا گیا، طارق فضل چوہدری

ذہنی تھکن سے پریشان ہیں؟ صدیوں پرانے طریقے آج بھی مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں

اداروں اور شہدا سے متعلق استعمال کیے گئے الفاظ ناقابل قبول، مولانا فضل الرحمان معافی مانگیں : حافظ میاں محمد نعمان

ویڈیو

ایم کیو ایم کے دھڑے آمنے سامنے، شہری سندھ کے حقوق کی تحریک یا اقتدار کی نئی جنگ؟

خوبصورت پنجاب: گوجرانوالہ کے ایمن آباد بازار کی اپ گریڈیشن مکمل

ممنون حسین نے دور صدارت میں اردو، سی پیک کے قومی بیانیے اور کفایت شعاری کو فروغ دیا، ڈاکٹر فاروق عادل

کالم / تجزیہ

پانی کی بڑھتی قلت ایک مربوط منصوبہ بندی کی متقاضی

پاکستان کی اسلامی روح اور خوارج کا جھوٹا پروپیگنڈہ….!!

ہم چین سے کیا سیکھ سکتے ہیں؟