پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط معاشی تعلقات کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ کاری، جدت اور نجی شعبے کے باہمی تعاون کے ذریعے دونوں ممالک میں روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کا دورۂ سندھ، معاشی تعاون کے فروغ پر زور
امریکا میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے منعقد ہونے والے سلیکٹ یو ایس اے انویسٹمنٹ سمٹ کے موقعے پر نیٹلی بیکر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان کے مابین معاشی ترقی کو فروغ دینے کے امکانات روشن ہیں۔
واضح رہے کہ یہ سمٹ میری لینڈ میں 3 مئی کو شروع ہوئی تھی اور 6 مئی تک جاری رہے گی۔ اس اجلاس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے۔
نیٹلی بیکر نے بتایا کہ سمٹ میں پاکستان کے 16 کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں پر مشتمل وفد بھی شرکت کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس عالمی ایونٹ میں تقریباً 6 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے جن میں 100 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے 3 ہزار کے قریب سرمایہ کار شامل ہیں۔
مزید پڑھیے: وزیرداخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات، مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ پر تبادلہ خیال
یہ اجلاس امریکا میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک نمایاں پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے جہاں سرمایہ کاروں کو امریکی کاروباری رہنماؤں سے براہِ راست رابطے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کا موقع ملتا ہے۔
اپنے پیغام میں نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط معاشی تعلقات نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرمایہ کاری، جدت اور نجی شعبے کے باہمی تعاون کے ذریعے دونوں ممالک میں روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد: امریکی یوم آزادی منانے کے لیے ناظم الاُمور نیٹلی بیکر نے لبرٹی بیل مہم کا افتتاح کر دیا
امریکی ناظم الامور نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو امریکا میں اپنے کاروبار کو عالمی سطح پر وسعت دینے میں بھرپور معاونت فراہم کریں گی۔














