آزاد کشمیر حکومت کے ترجمان، اسپیشل سیکریٹری داخلہ چوہدری گفتار حسین اور ترجمان آزاد کشمیر پولیس ڈی آئی جی عرفان مسعود کشفی نے کہا ہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی آزاد جموں و کشمیر کے امن، استحکام اور ریاستی رٹ کو متاثر کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، مسلح اور پرتشدد جتھوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائےگی۔
اسپیشل سیکریٹری داخلہ چوہدری گفتار حسین اور ترجمان آزاد کشمیر پولیس ڈی آئی جی عرفان مسعود کشفی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔
کالعدم ایکشن کمیٹی نے عوامی حقوق کے نام پر احتجاج کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔ اس تنظیم نے اشتعال انگیزی، دباؤ، بلیک میلنگ، پروپیگنڈا، خوف و ہراس پھیلانے اور ریاستی اداروں کے خلاف منفی بیانیہ تشکیل دینے کو اپنا مستقل طرزِ عمل بنا لیا ہے۔ کالعدم کمیٹی کے مسلح جتھوں نے متعدد مواقع پر… pic.twitter.com/0dpIPHULWB
— WE News (@WENewsPk) July 15, 2026
احتجاج کی آڑ میں اشتعال انگیزی اور بلیک میلنگ کا الزام
اسپیشل سیکریٹری داخلہ آزاد کشمیر چوہدری گفتار حسین نے کہا کہ عوامی حقوق کے نام پر احتجاج کا لبادہ اوڑھ کر اشتعال انگیزی، دباؤ، بلیک میلنگ، پروپیگنڈہ اور خوف و ہراس پھیلایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے خواتین، معصوم بچوں، اسکول، کالج اور یونیورسٹی کے طلبہ کو انسانی ڈھال بنانا شروع کر دیا ہے۔
پاکستان مخالف بیانیہ اور شاہراہوں کی بندش
انہوں نے کہاکہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے پاکستان مخالف بیانیہ، افواجِ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور شاہراہیں بند کرکے عوام کی نقل و حرکت متاثر کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ریاست امن و امان، قانون کی بالادستی، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
مسلح جتھوں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی
اسپیشل سیکریٹری داخلہ نے کہاکہ مسلح شرپسند جتھے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر براہِ راست فائرنگ کرتے ہیں تاکہ حالات کو کشیدہ بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہاکہ آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات 27 جولائی کو مقررہ وقت پر ہوں گے اور حکومت صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات یقینی بنائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ مسلح اور پرتشدد جتھوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور قانون شکنی کرنے والے عناصر کامیاب نہیں ہوں گے۔
سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، ترجمان آزاد کشمیر پولیس
اس موقع پر ترجمان آزاد کشمیر پولیس ڈی آئی جی عرفان مسعود کشفی نے کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں کی فائرنگ کے بعد سوشل میڈیا پر گمراہ کن اور جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ویڈیوز میں نظر آنے والے مسلح افراد کو سویلین لباس میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکار ظاہر کرنے کی اوچھی اور مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔
ترجمان پولیس نے کہاکہ فائرنگ، حملوں اور ریاستی اہلکاروں سمیت شہریوں کے جانی نقصان سے متعلق شواہد سامنے آنے کے بعد کالعدم کمیٹی کی جانب سے حقائق مسخ کرنے جیسے ہتھکنڈے اختیار کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے متعدد سرغنوں اور کارکنوں سے اسلحہ برآمد ہو چکا ہے جبکہ درجنوں ویڈیوز اور تصاویر بھی سامنے آ چکی ہیں۔
شاہراہوں کی بندش اور جانی نقصان
انہوں نے مزید کہاکہ کالعدم کمیٹی کے سرغنہ عوام کو مشتعل کرکے خود غائب ہو جاتے ہیں۔ کوٹلی تراڑکھل شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے آمدورفت معطل کی گئی، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ترجمان آزاد کشمیر پولیس نے بتایا کہ بیٹھک بلوچ کے مقام پر مسلح جتھوں کی فائرنگ سے کانسٹیبل عاقب شہید جبکہ فیڈرل کانسٹیبلری کا ایک اہلکار، محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے 2 ملازمین اور آزاد کشمیر پولیس کے 8 اہلکار زخمی ہوئے۔
’شاہراہ بحال، اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے‘
ڈی آئی جی عرفان مسعود کشفی نے کہاکہ علی الصبح قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شجاع آباد کوٹیرہ شاہراہ پر قائم تمام رکاوٹیں ہٹا کر آمدورفت بحال کر دی، جبکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی بھی یقینی بنائی گئی۔














