منشیات اسمگلنگ کیخلاف کارروائیوں میں 2 افغان سمیت 5 ملزمان گرفتار

جمعرات 15 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کیخلاف 7 کارروائیوں میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے 184 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونیوالے 2 افغان باشندوں سمیت 5 ملزمان گرفتار کرلیے ہیں۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 22 کلو 800 گرام چرس برآمد کی گئی جس گاڑی میں نصب سی این جی سلنڈر کے اندر چھپا کر رکھا گیا تھا۔

اسی طرح جی ٹی روڈ سنگ جانی ٹول پلازہ کے قریب گاڑی  سے 2 کلو ہیروئن اور 2 کلو آئس برآمد کی گئی ہیں، جنہیں گاڑی کے بمپر کے نیچے بنائے گئے خُفیہ خانے میں چھپایا گیا تھا۔ گاڑی میں سوار دو افغان باشندوں کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

کراچی کے قریب حب ریور روڈ پر مسافر بس میں موجود پارسل سے 22 کلوگرام چرس برآمد کی گئی اسی طرح رنگ روڈ پشاور پر ٹرک سے 32 کلو 400 گرام چرس برآمد کی گئی ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق خیبر کے علاقے باڑہ میں چھپائی گئی 9 کلو گرام چرس بھی برآمد کی گئی ہے، اس ضمن میں خیبر کے رہائشی ملزم کو منشیات باڑہ سے کراچی اسمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

فیصل آباد میں درج ایک اور کارروائی میں گاڑی سے 70 کلو 800 گرام چرس اور 22 کلو 800 گرام افیون برآمد کی گئی ہے۔گاڑی پر سرکاری نمبر پلیٹ لگا کر اسمگلنگ کی کوشش کی جا رہی تھی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات کے ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp