برطانیہ کو ‘سرکٹ بریکر’ کی ضرورت ہے، نئے وزیراعظم اینڈی برنہم کا پہلا خطاب، مہنگائی میں ریلیف کا اعلان

پیر 20 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانیہ کے نئے وزیراعظم اینڈی برنہم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے ’سرکٹ بریکر‘ (فیصلہ کن تبدیلی) کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مہنگائی سے متاثرہ عوام کے لیے ریلیف اقدامات منگل سے نافذ کیے جائیں گے جبکہ رواں سال کے دوران ملک کی بہتری کے لیے ایک جامع 10 سالہ منصوبہ بھی پیش کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کو نیا وزیراعظم مل گیا، اینڈی برنہم نے شاہ چارلس سے ملاقات کے بعد حکومت سنبھال لی

10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر عوام سے خطاب کرتے ہوئے اینڈی برنہم نے بغیر کسی تحریری نوٹس کے اپنی تقریر کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تقرری ’غور و فکر اور نئے عزم کا لمحہ‘ ہے اور برطانیہ کو دوبارہ استحکام کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔

1980 کی دہائی کی پالیسیوں پر تنقید

برنہم نے کہا کہ سنہ 1980 کی دہائی میں کیے گئے بعض فیصلے، جن میں سرکاری اداروں کی نجکاری اور صنعتوں کے خاتمے (ڈی انڈسٹریلائزیشن) کی پالیسیاں شامل تھیں، آج بھی برطانیہ کے مختلف علاقوں پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہیں اور ملک ابھی تک ان نقصانات سے مکمل طور پر نہیں نکل سکا۔

انہوں نے یاد دلایا کہ وہ گزشتہ 10 برسوں میں اس منصب پر آنے والے چھٹے شخص جبکہ 2016 کے بعد 7ویں وزیراعظم ہیں جو اس بات کی علامت ہے کہ ملک کو سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے۔

مہنگائی سے ریلیف اور بڑے اصلاحاتی منصوبے

نئے وزیراعظم نے اعلان کیا کہ عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے ریلیف پیکج کا آغاز منگل سے کیا جائے گا جبکہ بعد ازاں اس کی مالی معاونت اور فنڈنگ کی مکمل تفصیلات بھی سامنے لائی جائیں گی۔

مزید پڑھیے: 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کی ’افسر‘ بلی کی جانب سے نئے وزیراعظم اینڈی برنہم کا استقبال، اپنی پسند ناپسند سے بھی آگاہ کردیا

انہوں نے بتایا کہ ان کی حکومت تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کرے گی تاکہ نوجوانوں کو بہتر روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔ اس کے علاوہ ذہنی صحت کی سہولیات میں اضافہ، مقامی کونسلوں کے تحت مزید رہائشی مکانات کی تعمیر اور فلاحی اخراجات میں پائیدار کمی بھی حکومتی ترجیحات میں شامل ہوں گی۔

 

برنہم کے مطابق یہ اقدامات عوامی فلاح اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کا منصفانہ اور دیرپا طریقہ ثابت ہوں گے۔

بے گھر افراد کے مسئلے کا خاتمہ ترجیح

اینڈی برنہم نے کہا کہ سڑکوں پر رہنے والے بے گھر افراد کے مسئلے کا خاتمہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی اور اس حوالے سے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔

کابینہ کی تشکیل کا آغاز

خطاب مکمل کرنے کے بعد اینڈی برنہم اپنی اہلیہ میری فرانس کے ہمراہ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ پہنچے جہاں عملے نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد انہوں نے نئی کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورت کا آغاز کردیا۔

کابینہ سازی کا عمل اس سے قبل ہی شروع ہو چکا تھا جبکہ اسی روز جیلوں کے وزیر لارڈ ٹمپسن اپنے عہدے سے مستعفی بھی ہوگئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برنہم کی ٹیم نئی کابینہ کے ارکان کے نام سرکاری اعلان تک خفیہ رکھنے کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے۔

کیئر اسٹارمر سے اقتدار کی منتقلی

اینڈی برنہم نے چند روز قبل لیبر پارٹی کی قیادت سنبھالی تھی جس کے بعد سابق وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے باضابطہ طور پر شاہ چارلس سوم کو اپنا استعفیٰ پیش کیا اور تقریباً 2 سال اقتدار میں رہنے کے بعد خوش دلی کے ساتھ عہدہ نئے وزیراعظم کے حوالے کر دیا۔

مزید پڑھیں: اینڈی برنہم نئے برطانوی وزیراعظم، پیر کو حلف اٹھائیں گے، انہیں کون سے چیلنجز کا سامنا رہے گا؟

برنہم کو توقع ہے کہ وہ معاشی دباؤ، مہنگائی، صحت، رہائش اور روزگار جیسے اہم چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر فوری عملدرآمد شروع کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

صدر آصف علی زرداری کی جانب سے 355 شخصیات کے لیے سول اعزازات کی سفارشات

14 اگست، پاکستان کا آزادی کی جانب سفر، 79 سالہ قربانیوں اور ترقی کا سفر

پاکستان اور فرانس کا کثیرالجہتی امور پر تعاون اور عالمی فورمز پر رابطہ مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

آزادی محض سرزمین کے حصول کا نام نہیں بلکہ عوام کے حقوق کا وعدہ پورا  کرنا  بھی ہے، بلاول بھٹو کا پیغام

پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ نے بیکنہم میں یوم آزادی منایا، کھلاڑیوں کے قوم کے نام خصوصی پیغامات

ویڈیو

14 اگست، پاکستان کا آزادی کی جانب سفر، 79 سالہ قربانیوں اور ترقی کا سفر

آزادی محض سرزمین کے حصول کا نام نہیں بلکہ عوام کے حقوق کا وعدہ پورا  کرنا  بھی ہے، بلاول بھٹو کا پیغام

پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ نے بیکنہم میں یوم آزادی منایا، کھلاڑیوں کے قوم کے نام خصوصی پیغامات

کالم / تجزیہ

مایوس ہونے سے پہلے یہ حساب کتاب بھی کر لیں

سن 47، 1200 پاکستانی اور ایک چابی

انڈین خارجہ پالیسی کی ارتھی